عدن: حوثیوں کی راکٹ باری سے 20 شہری ہلاک

عدن: حوثیوں کی راکٹ باری سے 20 شہری ہلاک

یمن کے دوسرے بڑے شہر عدن میں صدر عبد ربہ منصور ہادی کی وفادار فورسز کے خلاف لڑائی کے دوران حوثی شیعہ باغیوں نے ایک رہائشی علاقے پر راکٹ باری کی ہے جس کے نتیجے میں بیس شہری ہلاک اور چالیس سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔
یمنی صدر کی وفادار فورسز کے ترجمان علی الاحمدی نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا اور ان کے اتحادیوں نے عدن کے علاقے منصورہ پر علی الصباح سحری کے اوقات میں پندرہ کاتیوشا راکٹ فائر کیے ہیں۔
اس ترجمان اور عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ حوثی ملیشیا نے عدن کے علاقے دارسعد سے منصورہ کی جانب دن کے وقت دوبارہ راکٹ فائر کیے ہیں۔اس وقت لوگ پہلے راکٹ حملے میں مرنے والوں کی تدفین میں مصروف تھے۔طبی ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔
ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے گذشتہ سال ستمبر میں دارالحکومت صنعا پر قبضے کے بعد ملک کے منتخب صدر عبد ربہ منصور ہادی کی حکومت کو چلتا کیا تھا اور جنوبی شہر عدن کی جانب چڑھائی کردی تھی۔ان کے ایک منتخب حکومت کے خلاف جارحانہ اقدامات کے بعد سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد صدر منصور ہادی کی درخواست پر یمن میں حوثیوں اور ان کے اتحادیوں کے خلاف 26 مارچ سے فضائی حملے کررہا ہے اور عدن میں بھی تب سے حوثیوں اور یمنی صدر کی وفادار فورسز کے درمیان لڑائی جاری ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں