روہنجیا مسلمانوں کے لیے 50 لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان

روہنجیا مسلمانوں کے لیے 50 لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان

حکومت پاکستان روہنجیا مسلمانوں کی خوراک کا بندوبست کرنے کے لیے 50 لاکھ ڈالرز کی خصوصی امداد فراہم کرے گی۔
یہ بات منگل کو حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے کابینہ کی خصوصی کمیٹی کی تمام سفارشات کی منظوری دے دی ہے۔
یہ تجاویز وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، خارجہ امور کے خصوصی مشیرسرتاج عزیز اور طارق فاطمی پر مشتمل تین رکنی کمیٹی کی جانب سے دی گئی تھیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان روہنجیا کی حالت زار کو تمام سطحوں پراجاگر کرنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرے گی۔
وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھ کر اس انسانی بحران کو اجاگر کرتے ہوئے میانمار حکومت پر سفارتی اور اخلاقی دباؤ بڑھانے کا مطالبہ کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم کے مشیر او آئی سی کی سیکریٹری جنرل کو ایک خط لکھ کر روہنجیا مسلمانوں کی خوراک اور معاونت کے لیے ایک خصوصی او آئی سی فنڈ قائم کرنے کی تجویز دیں گے۔ اس حوالے سے ایک خط پہلے ہی 20 مئی کو بھیجا جا چکا ہے۔
پاکستان وزرائے خارجہ پر مشتمل او آئی سی کی ایک تین رکنی کمیٹی کے قیام کی بھی تجویز دے گا جو میانمار کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کی حکومت پر روہنجیا کے بنیادی حقوق بحال کرنے پر زور دیں گے۔
کمیٹی کی تجاویز میں عالمی خوراک پروگرام کے ذریعے انڈونیشیا، ملائیشیا اور تھائی لینڈ میں قائم روہنجیا کیمپوں میں خوارک کا بندوبست کرنے کے لیے 50 لاکھ ڈالرز کی خصوصی مدد فراہم کرنا بھی شامل ہے۔
کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ اس حساس معاملے پر عالمی برادری کو متحرک کیا جائے۔

بی بی سی اردو


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں