نیپال اور بھارت میں پھر شدید زلزلہ، 54 ہلاک

نیپال اور بھارت میں پھر شدید زلزلہ، 54 ہلاک

زلزے سے متاثرہ نیپال اور بھارت میں گزشتہ روز پھر شدید زلزلہ آیا جس کے نتیجے میں 54 افراد ہلاک اور1100 سے زائد زخمی ہو گئے جب کہ بھارت میں بھی زلزلے نے 17 افراد کی جانیں لے لیں۔
نیپالی حکام نے اب تک مختلف علاقوں میں37 افراد کی ہلاکت اور 1006 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے جب کہ بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق زلزلے سے نیپال سے ملحقہ بھارتی علاقوں میں17 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور ان میں سے 16 اموات ریاست بہار میں ہوئی ہیں۔ زلزلے سے متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں متعدد کو نقصان پہنچا، لوگ خوفردہ ہو کر گھروں، دفاتر سے باہر نکل آئے، نئی دہلی میں میٹرو سروس معطل کردی گئی جب کہ نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو کا ایئرپورٹ عارضی طور پر بند کردیا گیا، متاثرہ علاقوں میںامدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق نیپال کے مختلف شہروں میں7.3 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، زلزلے کا مرکز ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب نامچے باراز کا علاقہ اور زمین میں اس کی گہرائی15 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر12بج کر 35 منٹ پر آیا اور اس کے جھٹکے بھارت کی مشرقی ریاستوں اور نئی دہلی تک محسوس کئے گئے، پہلے بڑے جھٹکے کے تقریباً 30 منٹ بعد 6.3 شدت کا ایک اور جھٹکا بھی محسوس کیا گیا جس کا مرکز کھٹمنڈو کے مشرق میں رامی چھپ کا علاقہ تھا، اس کے بعد بھی مزید چار جھٹکے آئے۔
نیپالی حکام کے مطابق زلزلے نے ملک کے75 اضلاع کو متاثر کیا ہے، نیپال کی پارلیمنٹ سے بھی ارکان کارروائی چھوڑ کر باہر نکل آئے، سندوپال چاک اور رسوبہ کے علاقوں میں مٹی کے تودے گرنے کے واقعات بھی پیش آئے۔
پاکستان، بنگلہ دیش اور چین کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی نوعیت کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ چینی میڈیا کے مطابق تبت میں زلزلے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوا۔ سوات سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق پاکستان میں سوات، مینگورہ اورگردونواح میں دن میں دومرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، زلزلے کی شدت پہلی مرتبہ 4.9، دوسری مرتبہ 4.2 ریکارڈ کی گئی،لوگ گھروں سے باہرنکل آئے،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق دونوں مرتبہ زلزلے کا مرکز پاکستان، تاجکستان کے سرحدی علاقہ میں69 کلومیٹر زیر زمین گہرائی میں تھا۔
گزشتہ ماہ25 اپریل کو بھی نیپال میں7.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے نتیجے میں 8 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ اے پی پی کے مطابق امریکی ادارے ناسا کے تیارکردہ دل کی دھڑکن محسوس کرنیوالے آلے کی مدد سے زلزلہ سے متاثرہ نیپال میں 10 فٹ ملبے تلے دبے چار افراد کی جان بچا لی گئی۔ جبکہ نیپالی فوج نے زلزلہ کے بعد 3 دیہات میں دربدر ہونے والے 117 کوہ پیماؤں کو بچایا۔ نیپال میں متاثرین زلزلہ کی مدد کیلیے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے پانچ ملین پاؤنڈ کا بڑا عطیہ دے دی۔
دوسری جانب بھارتی دارالحکومت نئی دلی سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے لگے جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 17 افراد ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ریاست بہار میں ہوئیں جہاں دارالحکومت پٹنا، دربھانگا، سیتامارہی پورنیا، سیوان اور کاٹی میں مجموعی طور پر 16 افراد ہلاک ہوئے اور 39 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ایکسپریس نیوز


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں