کابل میں خاتون کے بہیمانہ قتل پر مولانا عبدالحمید کا اظہارِ افسوس

کابل میں خاتون کے بہیمانہ قتل پر مولانا عبدالحمید کا اظہارِ افسوس

زاہدان/کابل (سنی آن لائن) ایرانی اہل سنت کے سرکردہ دینی و سماجی رہ نما ’شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید‘ نے افغان دارالحکومت میں ایک خاتون کے پرتشدد موت پر گہری تشویش و افسوس کا اظہار کیاہے۔
ایرانی اہل سنت کی آفیشل ویب سائٹ ’سنی آن لائن‘ کے نامہ نگار سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مہتمم دارالعلوم زاہدان نے کہا: کابل میں ایک مشتعل ہجوم کے پتھراو اور زدوکوب کے نتیجے میں نوجوان خاتون کے قتل اور پھر اس کی لاش کی تذلیل اور جلانا انتہائی چونکا دینے والا واقعہ تھا جو افسوس اور رنج والم کا باعث ہوا۔
انہوں نے مزیدکہا: مناسب ہے مسلمان ہمیشہ چوکس رہ کر سمجھداری کا مظاہرہ کریں تا کہ کہیں اعتدال اور اسلامی شریعت کے احکام کی حدود سے نہ نکل جائیں۔ محض افواہوں کی بنیاد پر کسی بھی شخص کی جان وعزت خطرے میں نہیں ڈالنا چاہیے۔
مذکورہ واقعے میں موجود بعض ابہامات و پیچیدگیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے ہمارے نامہ نگار کو بتایا: افغان حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے غیرجانبداری سے واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے حقائق سامنے لائے اور اس افسوسناک واقعے کے اصل ذمہ داروں کو پیدا کرکے عدالت کے حوالے کردے۔ لیکن یاد رکھنے کی بات یہ ہے کہ کسی بھی صورت میں اس خاتون کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی کوئی توجیہ نہیں ہے اور اسلامی شریعت میں ایسے اقدامات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
یاد رہے گزشتہ جمعرات اٹھارہ مارچ کو کابل کے ایک مرکزی علاقے میں ’فرخندہ‘ نامی خاتون کو سرعام پتھر اور لاٹھی سے مارکر قتل کیا گیا اور پھر اس کی لاش جلادی گئی۔ اس واقعے سے رائے عامہ میں شدید غم وغصہ پایا جاتاہے۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں