شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید کا دورہ تہران

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید کا دورہ تہران

تہران (سنی آن لائن)ایرانی اہل سنت کے ممتاز دینی وسماجی رہ نما شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید نے قم میں ایک عالمی کانفرنس میں شرکت کے بعد تہران میں سنی شہریوں سے ملاقاتیں کیں۔

 

ہمارے نامہ نگاروں کے مطابق خطیب اہل سنت زاہدان نے تہران کی مرکزی نمازخانہ کا دورہ کرتے ہوئے پچیس نومبر کی شام کو سنی شہریوں کے ایک اجتماع سے خطاب کیا۔

مولانا نے حضرات و خواتین کو دعوت فکر دیتے ہوئے انہیں دشمن کی ثقافتی یلغار کے سامنے ڈٹ جانے اور اپنی اور دوسروں کی حفاظت کے لیے محنت کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا: دشمنان اسلام سیٹلائیٹ ٹی وی چینلوں کے ذریعے خاندانوں کو پاش پاش کرنا چاہتے ہیں تاکہ معاشرے میں فحاشی و عریانی عام ہوجائے۔

انہوں نے مزیدکہا: آج کے مسلمان ہرمیدان میں بندگلیوں میں پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔ اس کی وجہ اللہ تعالی سے دوری ہے۔ سب کو اللہ تعالی اور اسلام کی طرف واپس لوٹنا چاہیے۔ اسی صورت میں مسائل کا حل نکل آئے گا۔

تہران کے سنی عوام کو پنج وقتہ نمازوں کی پابندی اور قرآن پاک سیکھنے اور اس کی تلاوت کی تاکید کرتے ہوئے ممتاز سنی عالم دین نے سب کو متحد رہنے کی ترغیب دی۔

یادرہے تہران میں اہل سنت والجماعت کو مسجد تعمیر کرنے کی اجازت نہیں ہے اور وہاں کے دس لاکھ سے زائد سنی شہری نمازخانوں اور کرایے کے مکانات میں باجماعت نماز ادا کرسکتے ہیں۔ سنی علمائے کرام اور بعض سماجی رہ نما ہمیشہ سے تہران شہر میں مسجد تعمیر کرنے کے لیے حکومتی اجازت حاصل کرنے کے لیے مختلف شخصیات اور محکموں سے رابطہ کرتے چلے آرہے ہیں۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں