طرابلس:فرانسیسی سفارت خانے کے باہرکار بم دھماکا،دومحافظ زخمی

طرابلس:فرانسیسی سفارت خانے کے باہرکار بم دھماکا،دومحافظ زخمی

لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں فرانسیسی سفارت خانے کے باہر کار بم دھماکے کے نتیجے میں دو محافظ زخمی ہوگئے ہیں۔
لیبی حکام کے مطابق بم کار میں نصب کیا گیا تھا اوراس کے پھٹنے سے سفارت خانے کی بیرونی دیوار منہدم ہوگئی ہے اور عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔اس کے نزدیک کھڑی دو کاریں بھی تباہ ہوگئی ہیں۔بم دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور صرف دو فرانسیسی محافظ زخمی ہوئے ہیں۔
دارالحکومت کے علاقے اندلس میں فرانسیسی سفارت خانے کے نزدیک رہنے والے شہریوں نے بتایا ہے کہ انھوں نے منگل کی صبح سات بجے کے قریب دو دھماکوں کی آوازیں سنی تھیں۔
فرانسیسی وزیرخارجہ نے لیبیا میں اپنے سفارت خانے پر بم حملے کی مذمت کی ہے۔طرابلس سے العربیہ کے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ فرانس کی خصوصی فورسز کے ایک یونٹ کو واقعے کی تحقیقات کے لیے لیبی دارالحکومت روانہ کردیا گیا ہے۔
ایک سفارتی ذریعے نے بتایا ہے کہ وزیر خارجہ لوراں فابئیس بھی اس حملے کے بعد پیرس سے طرابلس کے لیے روانہ ہونے والے تھے۔قبل ازیں فرانسیسی صدر فرانسو اولاند نے وزیرخارجہ کو صورت حال کے جائزے اور سفارت خانے کے دونوں زخمی محافظوں کی واپسی کے لیے اپنا نمائندہ بھیجنے کی ہدایت کی تھی۔
واضح رہے کہ طرابلس میں کسی غیرملکی سفارتی مشن پر سابق صدر معمرقذافی کی حکومت کے خاتمے کے بعد یہ پہلا بم حملہ ہے اور اس شہر میں لیبیا کے مشرقی شہروں اور خاص طور پر بن غازی کے مقابلے میں سکیورٹی کی صورت حال بہتر ہے۔بن غازی میں گذشتہ ستمبر میں اسلام مخالف فلم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے دوران نامعلوم افراد نے امریکی قونصل خانے پر حملہ کردیا تھا اور اس حملے میں لیبیا میں متعین امریکی سفیر سمیت چار اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں