دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان حج کے لئے مکہ مکرمہ پہنچ گئے ہیں۔
حج کا رکن اعظم وقوفِ عرفات جمعرات کواداکیاجائے گا۔
لاکھوں مسلمان مناسک حج کی ادائیگی کیلئے کل شام مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچیں گے اور وہاں رات بسر کریں گے، رات منیٰ میں قیام کے بعد عازمین حج میدان عرفات روانہ ہوں گے ، جہاں مسجد نمرہ میں خطبہء حج کے بعد ظہر اور عصر کی قصر نمازیں ایک ساتھ ادا کی جاتی ہیں۔
عرفات میں وقوف کے دوران عازمین حج تلبیہ پڑھنے ، استغفار کرنے اورتسبیح کے ساتھ ساتھ دُعاوٴں میں مصروف رہتے ہیں۔
حج کا رکن اعظم وقوف ادا کرکے،سورج غروب ہونے کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہوجائیں گے جو میدان عرفات سے چھ کلومیٹردورہے۔
حجاج کرام مزدلفہ میں مغرب اور عشا کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔مزدلفہ میں رات قیام کے دوران حجاج رمی جمرات کے لئے کنکریاں چُنیں گے اورطلوع آفتاب کے بعد منیٰ روانہ ہوجائیں گے۔
حج کے تیسرے روز حجاج کرام مزدلفہ میں نماز فجر کی ادائیگی اور طلوع آفتاب کے بعد منیٰ روانہ ہوں گے، جہاں سب سے بڑا جمرہ ، جمرة العقبہ کو کنکریاں ماری جائیں گی۔
رمی کے بعد حجاج جانور کی قربانی اورسر مُنڈواکر یا بال کٹواکراپنااحرام کھول دیتے ہیں۔
اس کے بعد مکہ المکرمہ جاکر مسجد الحرام میں طواف زیارت اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کریں گے۔بعدمیں حجاج کرام واپس منیٰ چلے جائیں گے۔
حکومت سعودی عرب نے اس عظیم اجتماعی عبادت کے لئے فول پروف انتظامات کئے ہینں،رمی کے دوران بھگدڑ یا کسی اور حادثے سے بچنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔
آپ کی رائے