ممتاز ترکمن عالم دین کا انتقال

ممتاز ترکمن عالم دین کا انتقال

ایران-گلستان(سنی آن لائن) شمالی ایران کے صوبہ گلستان سے تعلق رکھنے والے ممتاز سنی عالم دین اور ’سیمین شہر‘ کے ممتاز دینی ادارہ ’حوزہ علمیہ نعمان‘ کے سینئراستاذ شیخ بایجان آخوندقزل گزشتہ ہفتہ چودہ اپریل2012ء میں انتقال کرگئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔
’’سنی آن لائن‘‘ کی رپورٹ کے مطابق ’شیخ بایجان آخوندقزل‘ مرحوم کی پیدائش 1925ء کو موجودہ ترکمنستان میں ایک مذہبی گھرانے میں ہوئی۔ آپ نے ابتدائی تعلیم چھٹی جماعت تک اپنے آبائی علاقہ ’’آجی یاب‘‘ میں حاصل کی۔ ابھی آپ نوجوان ہی تھے کہ آپ کے والد اسلام مخالف کمیونسٹوں کی جیل میں شہادت کے اعلی مقام پر فائز ہوکر اس فانی دنیا سے کوچ کرگئے۔
جب کمیونسٹ حکومت کی اسلام دشمنی اور سیاسی ومذہبی پابندیاں اپنے عروج کو پہنچیں تو مرحوم شیخ آخوندقزل اپنے چچا کے مشورے پر ایران کی جانب روانہ ہوئے۔ اس وقت آپ کی عمر صرف سولہ برس تھی۔ شروع میں آپ نے ’ملا قرہ توماج‘ نامی استاذ کے مکتب میں داخلہ لیا اور دوسال سے زائد عرصہ ان سے استفادہ کیا۔ جب آپؒ انیس برس کے تھے باقاعدہ ’’آخوندآباد‘‘ کے دینی مدرسہ میں داخل ہوئے جہاں آپ نے وقت کے مایہ ناز علمائے کرام اور اساتذہ سے فیض حاصل کیا۔ آپ اپنے اساتذہ کے قریب تھے اور ان سے استفادہ کیا کرتے تھے۔
مرحوم شیخ بایجان جب فارغ التحصیل ہوئے تو آپ کی عمر اکتیس برس کی ہوچکی تھی۔ فراغت کے چند مہینے بعد ’حوزہ علمیہ نعمان‘ کتوک کے بانی استاد ’مشہد آخوند ایری‘ کی پیشکش پر مرحوم آخوندقزل نے مذکورہ مدرسہ میں تدریس و ادارت کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ آپ نے 55 برس تک اخلاص و محنت سے مسلمان بچوں کی تعلیم وتربیت کا کام بخوبی سرانجام دیا۔ اس کے علاوہ خطے کے عوام بھی آپ کے علم وفضل سے بہرہ مند ہوئے۔
شیخ بایجان اخلاص و تقوا، سادگی و تواضع، للہیت اور پاکی کے پیکر تھے، بلاشبہ آپ سلف صالح کے ممتاز یادگاروں میں سے ایک تھے۔
عشروں تک دین کی بے لاگ خدمت کے بعد مرحوم شیخ بایجان آخوندقزل بروز ہفتہ چودہ اپریل کو قضائے الہی سے انتقال کرگئے۔ آپ کی عمر 87 برس تھی۔ مرحوم کے جسدخاکی کو ترکمن صحرا کے مومن اور علم دوست عوام کی موجودگی میں دفنایاگیا۔ آپ کی نمازجنازہ میں عوام اور علمائے کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
’سنی آن لائن‘ ٹیم مرحوم کے اہل خانہ، لواحقین، علماء و طلباء اور ترکمن صحرا کے عام مسلمانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے پس ماندگان کیلیے صبرجمیل اور مرحوم کیلیے علو درجات اور مکمل مغفرت کی دعا کرتی ہے۔
اللہم اغفرلہ وارحمہ و عافہ واعف عنہ و اکرم نُزُلہ۔ آمین


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں