بلوچستان کے زخموں پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے، نواز شریف

بلوچستان کے زخموں پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے، نواز شریف

کوئٹہ(جنگ نیوز) صدر پاکستان مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ، مسخ شدہ لاشوں اور لاپتہ افراد کے مسائل ہیں، نواب اکبر بگٹی کا قتل کیا گیا، پیپلز پارٹی کی حکومت بتائے کہ اس نے ان مسائل کے حل کے لئے کیا کیا ہے؟ اوران مسائل کے حل نہ کرنے میں اس کی کیا مجبوری ہے؟
کوئٹہ کے ایم پی اے ہاسٹل میں سینیٹر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی قیادت میں نیشنل پارٹی کے وفد سے ملاقات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ کاش ماضی میں بلوچستان میں ملٹری آپریشن نہ ہوا ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گذشتہ دور میں زیادتیاں کی گئیں اور یہاں کے عوام کے جذبات مجروح ہوئے ، ان زیادتیوں کا احتساب ہونا چاہئیے، اور ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے ۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ صوبے کے لوگوں کے دلوں میں جھانک کر دیکھنا چاہئے، ایک موقع پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت بتائے کہ اس نے مسخ شدہ لاشوں اور لاپتہ افراد کے مسئلہ اور نواب اکبر بگٹی کے قتل کے مسئلہ پر پیپلز پارٹی کی حکومت نے کیا قدم اٹھایا ؟ان کا کہنا تھا کہ ان مسائل کے حل کے بغیر بلوچستان میں امن قائم نہیں ہوسکتا، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلوچستان پیکیج سے مسائل حل نہیں ہوں گے، پیپلز پارٹی کی حکومت یہ مسائل حل نہیں کررہی بتایا جائے کہ ان کی کیا مجبوری ہے؟ دوسری جانب خروٹ آباد کا واقعہ ہوا تو اس بھی کوئی ایکشن سامنے نہیں آیا۔
مسلم لیگ ن کے سربراہ نے کہا ہے کہ صوبے کے معدنی وسائل پر پہلے اس کے عوام کا حق ہے، ان وسائل کو زیادہ سے زیادہ کام میں لاکر پہلے یہاں کے عوام کو ان سے مستفید کیا جاناچاہئیے پھر ملک کے دیگر حصوں کے عوام کوصوبے میں ترقی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان کے صوبے میں ترقی کے حوالے سے کئی پلان تھے اور اگر وہ دوبارہ اقتدار میں آئے تو بلوچستان کو پہلے سے زیادہ توجہ دیں گے۔
گوادر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ گوادر میں کس چیزکی کمی ہے کہ وہ دبئی کا مقابلہ نہ کرسکے، گوادر اس خطہ کا سب سے زیادہ ترقی یافتہ علاقہ بن سکتا ہے، پنجاب کی جانب سے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اگر بلوچستان میں کچھ پراجیکٹس کررہی ہے تو یہ اس کا فرض ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کے باقی صوبوں سے زیادہ حق بلوچستان کا حق ہے اور ہمیں اس کا حق دینے میں کوئی کنجوسی نہیں کرنا چاہئیے ، اس موقع پر انہوں نے بلوچستان کے مسائل پر اسلام آباد میں کل جماعتی سیمینار کی تجویز بھی پیش کی اور کہا کہ ان کی جماعت اس سیمینار کی میزبانی کے لئے تیار ہے سیمینار میں غوروخوض کیا جائے کہ بلوچستان کو کس طرح قومی دھارے میں لایا جاسکتا ہے، اس سے قبل ملاقات میں نیشنل پارٹی کے صدر سینیٹر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ آمر پرویز مشرف نے بلوچستان میں جو آگ لگائی تھی اس میں ہمارے نوجوان آج بھی جھلس رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ اگر بلوچستان کے مسئلہ پر مسلم لیگ ن نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو وفاق اور صوبوں میں فاصلے بڑھتے جائیں گے۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں