امریکی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے، دفاع پاکستان کانفرنس

امریکی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے، دفاع پاکستان کانفرنس

لاہور (جنگ نيوز) دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام امریکہ اور نیٹو کی جارحیت اور بھارت کو پاکستان کا پسندیدہ ملک قرار دینے کیخلاف گزشتہ روز مینار پاکستان پر ہونے والی دفاع پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی امریکہ اور بھارت سے ہونے والے معاہدوں کو ختم کرنے کی تاریخ دیں ورنہ پھر پاکستان کا بچہ بچہ سڑکوں پر آ جائیگا جبکہ کانفرنس میں یہ بھی کہا گیا کہ اب امریکا کو ملک سے نکالنے کا وقت آچکا ہے اسکے تمام اڈوں کو ختم کر دیا جائیگا۔ حکومت دہشتگردی کیخلاف جنگ سے باہر آئے، امریکی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے، نیٹو سپلائی بحال کی گئی تو پوری قوم سڑکوں پر ہوگی، کانفرنس نے بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کو مسترد کر دیا۔
کانفرنس سے مولانا سمیع الحق، حافظ پروفیسر محمد سعید، شیخ رشید، اعجاز الحق، لیاقت بلوچ، حمید گل اور دیگر قائد نے خطاب کیا۔ کانفرنس کی صدارت دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کی۔ انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ محب وطن قوتوں کو اس کانفرنس سے نیا ولولہ ملا ہے۔ 18 کروڑ عوام کو متحد ہونے کا ایک پلیٹ فارم میسر آ گیا ہے اب یہ قافلہ آگے بڑھتا ہی جائے گا۔ ملک کیخلاف سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔
جماعت الدعوة پاکستان کے امیر حافظ پروفیسر محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ قوم امریکہ کے خلاف متحد ہو چکی ہے اب ہم پاکستان کے چپے چپے کا دفاع کریں گے ، امریکہ یہاں مہمان بن کر آئے تو ہم اس کا خیر مقدم کریں گے لیکن اگر اس کا آدمی ریمنڈ لاہور کی سڑکوں پر خون بہائے اور امریکہ ہمارے ہی خلاف پاکستان میں اپنے اڈے بنائے تو پھر اس کا جواب دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام امریکہ کے نشانہ پر ہے اس کا دفاع کریں گے اور اس کی خاطر لڑیں گے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان کو امریکہ اور بھارت سے نہیں اندر سے خطرہ ہے تمام بڑے قومی ادارے تباہ و برباد کردیئے گئے ۔ پی آئی اے، اسٹیل ملز، او جی ڈی سی ، ریلوے ، این ایل سی سمیت تمام بڑے اداروں میں کرپشن نے ملک کو کھوکھلا کردیا ملک میں نہ بجلی ہے نہ گیس اور کارخانے بند ہونے سے لاکھوں لوگ بے روزگار اور قومی معیشت کا بھٹہ بیٹھ گیا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ امریکی صدر اب پاکستانیوں کی جان نہیں لیں گے بلکہ یہ غیور قوم ان سے حساب لے گی۔ شیخ رشید نے کہا کہ یہ ملک کے ساتھ کتنی ستم ظریفی ہے کہ عوام کو رحمن ملک کے پیچھے لگنا چاہیے تھا ان کو ویناملک کے پیچھے لگا دیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا کہ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کی سازش کی جا رہی ہے عوام کسی قیمت پر قبول نہیں کریں گے یہ قابل افسوس بات ہے کہ بھارت ہمارا پانی بند کررہا ہے اور اس سے تجارت کرنے کا معاہدہ کرنے کے لئے حکمران اسے پسندیدہ ملک قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیمز جون کی طرف مت دیکھیں جو ریمنڈ ڈیوس سے زیادہ حسین حقانی کو بچانا چاہتا ہے۔ پاک فوج کا مورال ڈاؤن کرنے کی سازش ناکام بنا دی جائے گی۔ اعجاز الحق نے کہا کہ دفاع پاکستان کا اگلا جلسہ راولپنڈی میں ہوگا۔
جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکہ افغانستان سے شکست کھا چکا ہے اب امریکہ کو ڈومور کرنے سے جواب دینا ہوگا اگر حکومت نے نیٹو سپلائی بند کرنے کا فیصلہ واپس لیا تو عوام اس کو قبول نہیں کرینگے۔
حافظ عبدالغفار روپڑی، قاری ضیاء الرحمن فاروقی، مولانا امیر حمزہ، مولانا محمد احمد لدھیانوی، صاحبزادہ ڈاکٹر اظہر زبیر،مولانا بشیر احمد، حافظ عبدالرحمن ملکی، مولانا طاہر محمود اشرفی، عبداللہ گل، مولانا زاہد الراشدی، حافظ ابتسام الٰہی، اعجاز چوہدری، پیر سیف اللہ خالد، مولانا زاہد محمود قاسمی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں