’اللہ تعالی کی معرفت اوراصلاحِ اخلاق واعمال ترقی کی علامت ہے‘

’اللہ تعالی کی معرفت اوراصلاحِ اخلاق واعمال ترقی کی علامت ہے‘

اہل سنت زاہدان کے خطیب شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید اسماعیلزہی نے اپنے 18نومبر کے خطبہ جمعے کا آغاز سورت آل عمران کی آیت 163 کی تلاوت سے کرتے ہوئے کہا ’’ہدایت‘‘ اللہ کی سب سے بڑی نعمت ہے اور اللہ رب العزت کی معرفت و شناخت اور اعمال واخلاق کی اصلاح انسانی معاشرے کی ترقی کی علامت ہے۔
اس بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے مزیدکہا: اگر کسی انسان کے پاس تمام نعمتیں موجود ہوں سوائے ہدایت کی، تو وہ شخص بہت بڑے نقصان کا شکارہے، ہدایت کے بغیر باقی ساری نعمتوں کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ ہدایت اس قدر بڑی اور عظیم نعمت ہے کہ مسلمان نمازی ہر رکعت میں اہدنا الصراط المستقیم کہہ کر اللہ سے ہدایت مانگتے ہیں۔
خطیب اہل سنت زاہدان نے مزیدکہا: ہدایت کے معانی و مفاہیم بہت زیادہ اور وسیع ہیں، ’’اللہ کی معرفت‘‘ ہدایت کا پہلا مقام اور مرحلہ ہے۔ انہوں نے کہا جو شخص اللہ تعالی کے وجود کا معترف ہے مگر اس کی صفات سے ناواقف ہے، دوسروں کو اللہ کا شریک بناتاہے تو اس کی یہ شناخت اور ہدایت ناقابل قبول ہے۔ جو توحید کے تقاضوں پر عمل نہیں کرتا اس کے سارے اعمال عبث وبیکار ہیں۔
جامع مسجد مکی زاہدان کے نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا: اللہ سبحانہ وتعالی نے اسی مسئلے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایاہے: و الہکم الہ واحد لا الہ الا ہو الرحمن الرحیم؛ تمہارا معبود جو عبادت اور پوجا کے حقدار ہے صرف اللہ ہی کی ذات ہے۔ ساری مخلوقات اسی کے محتاج ہیں اور وہ ان کا خالق ہے جس کے کوئی شریک نہیں ہے۔ اللہ کی کوئی مانند اور مثل نہیں ہے۔ پوری کائنات میں اس کے کوئی شبیہ نہیں ہے۔
خطیب اہل سنت زاہدان نے اللہ تعالی کی بعض دیگر صفات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: اللہ کی ذات قادرمطلق ہے جس کی قدرت ہر چیز پر حاوی ہے، کائنات میں کوئی بھی شی اس کے علم اور احاطہ قدرت سے خارج نہیں ہے۔صفات الہی کی عظمت اور بزرگی انسانی عقل اور شعور سے بالاترہیں۔ اللہ کی صفات کی کوئی انتہا نہیں ہے۔
مولانا عبدالحمید نے تاکید کرتے ہوئے مزیدکہا: اللہ کی توحید اور بڑائی کا بیان تفصیل کیساتھ قرآن پاک میں موجود ہے۔ اللہ تعالی نے اپنی توحید کو آسمان و زمین سے مثالیں دیکر تفصیلا بیان فرمایاہے۔ کائنات کی ہر چیز اللہ کی بڑائی کی گواہی دیتی ہے۔ توحید کا سمجھنا آسان ہے۔
’’خودشناسی‘‘ کو اللہ کی معرفت کا ایک اور راستہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے مزیدکہا: انسان کا وجود ایک چھوٹی سی دنیا ہے، اگر انسان اپنے وجود اور خلقت میں غور کرے تو اللہ کی عظمت اور وحدانیت کا قائل ہوجائے گا۔ انسان کی تخلیق کا ہر قدم آدمی کیلیے حیرت انگیز ہے۔

بات آگے بڑھاتے ہوئے حضرت شیخ الاسلام دامت برکاتہم نے مزید کہا: معرفت الہی، اخلاق و اعمال کی تصحیح اور اللہ کی ذات پر توکل کرنا کسی بھی انسانی معاشرے کی حقیقی ترقی کی نشانی ہے۔ صحابہ کرام نے کامیاب معاشرہ اسی نعمت کی بدولت بناکر دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈالا۔ ان کی بے مثال بہادری کی وجہ توحید اور اللہ کی صفات پر پختہ یقین تھی۔

ایرانی قوم بہادر اور تجربہ کار ہے

نامور سنی عالم دین نے ایران پر حملے کی افواہوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: ہمارا خیال نہیں کہ امریکا و اسرائیل یا کوئی اور ملک ایران پر حملے کی غلطی کرے گا۔ انہیں معلوم ہونا چاہیے ایرانی قوم کو آٹھ سال جنگ کا تجربہ حاصل ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ایرانی قوم اتنی کمزور نہیں کہ کسی دھمکی سے گھبراہٹ کا شکار ہوجائے، بلکہ یہ قوم بڑی دلیر اور بہادر ہے۔ عالمی طاقتوں کو معلوم ہونا چاہیے تشدد اور لڑائی کسی مسئلے کا حل نہیں، اب تک کی جنگوں سے تباہی اور قتل وغارتگری کے سوا کچھ حاصل نہیں ہواہے، اس لیے متخاصم ممالک اپنے اختلافات بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں