’صحیح دینداری حلال کمائی سے حاصل ہوتی ہے‘

’صحیح دینداری حلال کمائی سے حاصل ہوتی ہے‘

خطیب اہل سنت زاہدان شیخ الاسلام مولانا عبدالحمیدنے اپنے آخری خطبہ جمعہ میں حلال روزی کی اہمیت اور روزمرہ زندگی پر اس کے اثرات کے بارے میں گفتگو کی۔
زاہدان کی جامع مسجد مکی میں ہزاروں فرزندانِ توحید سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا: یہ دنیا محنت اور کوشش کی جگہ ہے، جو محنت کرتاہے اسے ملتاہے جو گھر بیٹھتاہے اسے کچھ نہیں ملتا۔ کامیابی اور عزت دونوں جہانوں میں محنت بغیر نہیں ملتیں۔
دارالعلوم زاہدان کے مہتمم نے مزیدکہا: انبیاء علیہم السلام جس طرح اپنی آخرت کیلیے کوشش کرتے اسی طرح حلال کمائی کیلیے بھی محنت کیا کرتے تھے۔ مثلا آپ صلی اللہ علیہ وسلم زراعت کرتے تھے۔ حضرت موسی علیہ السلام کئی سالوں تک حضرت شعیب علیہ السلام کے چرواہے رہے۔ حضرت داوود علیہ السلام لوہے کا کام کرتے تھے اور زرہ بناکر روزی کماتے تھے۔ جبکہ تانبا سلیمان علیہ السلام کیلیے جاری کردیاگیا۔
بات آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے مزیدکہا: صحابہ کرام رضی اللہ عنہم بھی حلال کمائی کیلیے محنت کیاکرتے تھے؛ حضرت ابوبکر کپڑے کا کاروبار کرتے تھے، حضرت علی ایک یہودی کے کنوئیں سے پانی نکال کر کماتے تھے۔ سارے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم حلال روزی کیلیے محنت کرتے تھے۔ کسی صحابی نے روزی کمانے سے انکار نہیں کیا۔ گھربیٹھنے سے روزی نہیں ملتی۔
ایک اہم نکتے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مولانا عبدالحمیدنے کہا: اکثر مجرموں کی کمائی حرام سے ہوتی ہے، جو چوری، ڈاکہ زنی اور اغوا جیسے جرائم کے مرتکب ہوتے ہیں ان کی کمائی حرام سے ہوتی ہے۔ حرام آمدنی کا منفی اثر پورے جسم اور زندگی پر ہوتاہے۔ جبکہ صحیح دینداری اور پرامن زندگی کی ضمانت حلال کمائی میں ہے۔ پرسکون زندگی کیلیے حلال روزی کمانا ضروری ہے۔
خطیب اہل سنت زاہدان نے ’’استغناء‘‘ کو اسلامی تعلیمات کا اہم جزو قرار دیتے ہوئے مزیدکہا: حلال روزی کماتے ہوئے بندے کو مستغنی ہونا چاہیے۔ جس کا دل غنی ہو وہ حقیقی مالدارہے، مالدار وہ نہیں جس کے پاس دولت زیادہ ہو بلکہ اصل غنا دل کا ہے۔

آخر میں انہوں نے حاضرین خاص کر خواتین کو روزمرہ زندگی میں سادگی اختیار کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا خواتین حضرت خدیجہ، عائشہ اور فاطمہ رضی اللہ عنہن کو اپنی اسوہ بنادیں جو اپنے گھر کا کام خود کیا کرتی تھیں۔ سادگی صحابہ کرام کی امتیازی نشان ہے۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں