بگٹی قتل کیس،نامزد ملزمان کو وطن واپس لایا جائے، بلوچستان ہائیکورٹ

بگٹی قتل کیس،نامزد ملزمان کو وطن واپس لایا جائے، بلوچستان ہائیکورٹ

کوئٹہ(جنگ نیوز) بلوچستان ہائی کورٹ نے وزارت خارجہ اور ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ نواب اکبربگٹی قتل کیس میں نامزد بیرون ملک مقیم ملزمان کی تحویل کے لئے جلد از جلد اقدامات کریں اور اس کیس میں سول اور ملٹری حکام سمیت جن اداروں کے پاس بھی معلومات ہے انھیں شامل تفتیش کیا جائے۔

کوئٹہ میں نواب بگٹی قتل کیس کی سماعت چیف جسٹس آف بلوچستان جسٹس قاضی فائز عیسی اور جسٹس عبدالقادرمینگل پر مشتمل دورکنی بینچ نے کی۔ چیف جسٹس نے حکم دیاکہ سابق صدر پرویز مشرف سمیت تمام نامزد ملزمان کو تحویل میں لیاجائے جو ملزمان ملک سے باہر ہیں انکی حوالگی کیلئے جن ممالک سے معاہدے ہیں اسے بروئے کار لایا جائے اور جن سے نہیں ہیں اس کیلئے انٹرپول سے رابطہ کیا جائے قبل ازیں سابق وزیر اعظم شوکت عزیز،سابق گورنر بلوچستان اویس احمد غنی اور سابق وفاقی وزیر داخلہ کے بیانات کے مندرجات معزز عدالت کو بتائے گئے جن میں انھوں نے اعتراف کیاکہ نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں انھیں کچھ معلوم نہیں تھا سابق صدر اور آرمی چیف جنرل پرویز مشرف اس کے ذمہ دار ہیں۔
ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ اس دوران وفاقی اور صوبائی کابینہ کے اجلاس اور کارروائی کے منٹس بھی قبضے میں لئے جائیں تاکہ حقائق سامنے لائے جاسکیں۔
نواب بگٹی قتل کیس کی سماعت کرنے والی کرائم برانچ کی تحقیقاتی ٹیم نے کیس میں نامزد ملزمان سابق صدر پرویز مشرف اور سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کے وارنٹ کی کاپیاں عدالت میں پیش کیں، بعد ازاں عدالت نے نے نواب بگٹی قتل کیس کے حوالے سے آئینی درخواست نمٹا دی۔

 


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں