افغانستان: 5 ناٹو فوجیوں سمیت 8 ہلاک

افغانستان:  5 ناٹو فوجیوں سمیت 8 ہلاک

کابل ( آن لائن ) افغانستان میں مختلف مقامات پر بم دھماکوں میں 5 ناٹو فوجیوں اور 2 خواتین افغان پولیس اہلکاروں سمیت کم از کم 8 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ افغان و ناٹو فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مشترکہ کارروائیوں کے دوران 34 طالبان جنگجووں کو ہلاک اور 36 کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کابل میں ناٹو فورسز کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایک دن میں 5 اہلکار ہلاک ہوئے ہیں، ان میں سے 3فوجی مشرقی افغانستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ہلاک ہوئے۔ تاہم ناٹو نے مزید تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔ بیان کے مطابق دیگر 2 مختلف واقعات میں بھی مزید 2 اہلکار ہلاک ہوئے ہیں، ان میں سے ایک مشرقی صوبہ وردک میں طالبان کے حملہ میں ہلاک ہوا جبکہ دوسرا جنوبی افغانستان میں مارا گیا۔
ایک ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک افغانستان میں کم از کم 459 اتحادی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ افغانستان میں کل ایک لاکھ 40 ہزار اتحادی فوجی تعینات ہیں ان میں ایک لاکھ امریکی فوجی شامل ہیں۔
دوسری جانب مغربی صوبہ ہرات میں ائر پورٹ کے قریب ایک بم دھماکے کے نتیجے میں 2 خواتین پولیس اہلکاروں اور ایک عام شہری سمیت 3افراد ہلاک ہوگئے اور 10 زخمی ہوگئی،بتایا گیا ہے کہ یہ دھماکا ریموٹ کنٹرول سے کیا گیاجس میں ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ۔ زخمیوں کو اسپتال منقتل کر دیا گیا۔ زخمیوں میں 5پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔پولیس ترجمان نور خان نیک زاد نے دھماکے کی تصدیق کی ہے۔
دریں اثناء افغان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق افغان اور ناٹو افواج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کابل، ننگر ہار، لغمان، کپسیا، بلغان، ہلمند، لوگر، واردک، غزنی اور پکتیا میں طالبان کیخلاف 12 مشترکہ آپریشن کیے جن کے دوران 34 طالبان کو ہلاک اور دیگر 36 کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق اتحادی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمد کرلیا ہے ۔اس حوالے سے طالبان کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں