امریکی دھمکیاں: وزیراعظم نے سیاسی قائدین سے رابطہ کر لیا

امریکی دھمکیاں: وزیراعظم نے سیاسی قائدین سے رابطہ کر لیا

اسلام آباد(خبرایجنسیاں) وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے پاک امریکا تعلقات میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے حوالے سے آئندہ ہفتے آل پارٹیز کانفرنس طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ کانفرنس میں عسکری قیادت قومی سلامتی کے حوالے سے قیادت کو بریفنگ دے گی۔
وزیراعظم نے امریکی الزامات اور دھمکیوں کے تناظر میں ملکی سلامتی کی صورتحال پر اعتماد میں لینے کے لیے میاں نواز شریف‘ مولانا فضل الرحمن‘ چوہدری شجاعت‘ الطاف حسین‘ اسفند یار ولی خان‘منورحسن اور شیخ رشید احمد کو فون کیے ہیں۔اتوار کو ملکی سلامتی کی صورتحال پر مشاورت کیلئے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف‘ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن‘ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان‘ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین‘ جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن‘ مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین‘ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور دیگر سیاسی رہنماوں کو ٹیلی فون کیا اور ملکی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم سیکرٹریٹ کے ترجمان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے ٹیلی فونک بات چیت کے دوران وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے انہیں امریکی حکام کے حالیہ بیانات اور حکومت پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے میاں نواز شریف کو بتایا کہ حکومت اہم قومی امور پر سیاسی قیادت کو اعتماد میں لے کر فیصلے کرے گی‘ پاکستان کسی کے ساتھ محاذ آرائی نہیں چاہتا اور خطے میں پرامن اور باوقار کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ امریکی حکام کے بیانات قابل تشویش اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو فراموش کرنے کے مترادف ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت ملکی سلامتی کے تناظر میں قومی قیادت کے اتفاق رائے سے وہ فیصلے کرے گی جو ملک و قوم کے بہترین مفاد میں ہو اور کوئی ایسا فیصلہ نہیں کیا جائے گا جو پاکستان کے مفادات کے منافی ہو۔ ملکی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ مشکل صورتحال میں پوری قوم ‘ مسلح افواج اور سیاسی قیادت ایک ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نواز شریف نے ملکی سلامتی کے موجودہ تناظر میں حکومت کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ملکی سالمیت کی خاطر پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے اور ملک کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔مزید برآں وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے اتوار کو یہاں جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر ایک طویل ملاقات کی جس دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور قومی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران رحمن ملک نے فضل الرحمن کو صدر مملکت آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔ رحمن ملک اور مولانا فضل الرحمن کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران امریکی حکام کے پاکستان کے بارے میں بیانات اور دھمکیوں پر بھی تفصیل سے بات چیت کی گئی اور دونوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین کو کسی کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا اور ملک کی سلامتی اور خود مختاری کو یقینی بنایا جائے گا۔ ملاقات کے دوران رحمن ملک نے مولانا فضل الرحمن کو ملک اور خاص طور پر کراچی میں امن و امان کے قیام کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں