حصول علم کاسب سے محفوظ راستہ ’وحی‘ ہے

حصول علم کاسب سے محفوظ راستہ ’وحی‘ ہے

خطیب اہل سنت زاہدان مولانا عبدالحمید دامت برکاتہم نے گزشتہ ہفتے کے خطبے میں وحی الہی کی اہمیت اور عقل کے مقام کے بارے میں گفتگو کی۔
جامع مسجد مکی میں ہزاروں فرزندانِ توحید سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا انسانیت کی نجات کا راز اسلامی تعلیمات کی مکمل اطاعت و پیروی میں ہے۔ اسلام کے سوا کسی بھی طریقے سے نجات پانا ناممکن ہے۔
مہتمم دارالعلوم زاہدان نے مزید کہا سب سے محفوظ اور یقینی طریقِ حصول علم ’’وحی‘‘ ہے۔ عقل میں غلطی اور خطا کا امکان ہے لیکن وحی الہی میں غلطی کا ادنی شبہ بھی نہیں ہے، چونکہ عقل آنکھ اور کان کی طرح سیکھنے کا ایک آلہ ہے۔ جس طرح آنکھ سے غلطی سرزد ہوسکتی ہے بالکل اسی طرح ’عقل‘ بھی خطا کا مرتکب ہوسکتی ہے۔
بات آگے بڑھاتے ہوئے حضرت شیخ الاسلام نے کہا کائنات کے متعدد امور کے بارے میں عقلا اور سائنسدان پہلے کچھ کہاکرتے تھے اور اب ان کا نظریہ بالکل مختلف ہے۔ اس سے ثابت ہوتاہے کہ ’عقل‘ سے غلطی ہوسکتی ہے۔ اسی لیے جو علم عقل کے ذریعے حاصل ہوتی ہے پکا اور یقینی نہیں ہے، البتہ بذریعہ وحی جو علم حاصل ہوتی ہے اس میں خطا یا غلط ہونے کا کوئی امکان یا شبہ نہیں ہے۔
خطیب اہل سنت زاہدان نے مزید کہا جنت اور جہنم جیسی حقیقتوں کا علم ہمیں وحی کے ذریعے حاصل ہوا، اب چاہے عقل ان حقائق کو سمجھ لے یا وہ عقل سے بالاتر معلوم ہوں ہمیں بلا چون وچرا انہیں تسلیم کرکے مان لینا چاہیے۔ اس کی وجہ وحی کی حقانیت ہے۔

انہوں نے حاضرین کو اسلام کی مکمل اتباع کی ترغیب دیتے ہوئے کہا: اسلام کے دائرے میں پوری طرح داخل ہونا چاہیے، اپنے اہل وعیال کو بھی اسلام کے ہر حکم و تعلیم پر عمل کرنے کی دعوت دینی چاہیے۔ یاد رکھیں اسلام صرف عبادات کا نام نہیں، حقوق اللہ کے علاوہ حقوق العباد کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔
مولانا عبدالحمید نے زور دیتے ہوئے کہا اپنے پڑوسیوں اور رشتے داروں کے حقوق کا خصوصی طور پر خیال رکھیں، صلہ رحمی کا اہتمام کریں اور ہرگز کسی بندے کا حق ضائع مت کریں۔ اللہ رب العزت اپنے حقوق معاف کرسکتا ہے لیکن بندے کا حق بندہ خود ہی معاف کرسکتاہے اور کوئی نہیں۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں