شامی صدر کے خصوصی ایلچی کی تُرکی آمد، دمشق ۔ انقرہ کشیدگی بدستور برقرار

شامی صدر کے خصوصی ایلچی کی تُرکی آمد، دمشق ۔ انقرہ کشیدگی بدستور برقرار

دبئی(العربیہ) شامی صدر بشار الاسد کے خُصوصی ایلچی حسن ترکمانی اور ترکی ـ شام تعلقات کے نگران صدر کا اہم پیغام لے کر انقرہ پہنچے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مسٹر ترکمانی کے ہمراہ شام کی ایک اور اعلیٰ شخصیت بھی ترکی آئی ہے تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ شامی صدر کے ایلچی ایک ایسے وقت میں ترکی پہنچے ہیں، جب شام میں سرکاری فوج کے ہاتھوں مظاہرین پر تشدد کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان سخت ناراضگی پائی جاتی ہے۔

بشار الاسد کو ایردوآن کا انتباہ

شامی ایلچی کی انقرہ آمد سے قبل ترک وزیر اعظم رجب طیب ایردوآن نے ٹیلیفون پر شامی صدر بشار الاسد سے بات کرتے ہوئے انہیں خبردار کیا تھا کہ اگر ریاستی فورسز نے سویلین کے قتل عام کا سلسلہ بند نہ کیا تو عالمی برادری دمشق کے خلاف کوئی بھی کارروائی کر سکتی ہے۔
دونوں رہ نماٶں کے درمیان یہ بات چیت اس وقت ہوئی جب شامی صدر بشار الاسد نے طیب ایردوآن کو تیسری مرتبہ ملک کا وزیر اعظم بننے پر انہیں مبارک باد کے لیے ٹیلیفون کیا۔
قبل ازیں ترکی میں انتخابی مصروفیات کے دوران وزیر اعظم ایردوآن کا کہنا تھا کہ وہ الیکشن کے عمل سے فارغ ہو کر ایک نئے انداز میں شامی صدر سے مخاطب ہوں گے۔ انہوں نے شامی فوجوں کے ہاتھوں مظاہرین پر ڈھائے جانے والے مظالم پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ شام کا رویہ ناقبل برداشت ہو چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق بشار الاسد کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے باوجود ایردوآن نے انہیں یہ پیغام بھیجا تھا کہ دمشق کی جانب سے مظاہرین پر تشدد کے اصرار سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات “پوائنٹ آف نو ریٹرن” آ سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ترکی کا اچانک دورہ کرنے والے شامی عہدیدار کو ترک وزیر اعظم طیب ایردوآن صدر بشار الاسد کے لیے ایک خصوصی پیغام بھی دیں گے، جس میں اُنہیں ترکی کے نئے لائحہ عمل سے آگاہ کیا جا سکتا ہے۔

اوگلو کا شامی مہاجرین کے کیمپوں کا دورہ

درایں اثناء ترک وزارت خارجہ نے بتایا ہےکہ وزیر خارجہ احمد داٶد اوگلو شام سے سرحد عبور کر کے ترکی آنے والے مہاجرین کے کیمپوں کے دورے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ان کے اس دورے کا مقصد شامی متاثرین کے مسائل کے حل میں ان کی مدد کرنا ہے۔
وہ اپنے دورے کے دوران یہ بھی دیکھیں گے کہ آیا ان مہاجر کیمپوں میں مزید کتنے افراد کو ٹھہرائے جانے کی گنجائش موجود ہے کیونکہ سرحد پار سے ہجرت کر کے ترکی آنے والوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
ادھر العربیہ ٹی وی کے نامہ نگار کے مطابق شامی پولیس نے دمشق کے قریب “دوما” شہر سے گذشتہ چند روز کے دوران گرفتار کئے گئے 250 افراد کو رہا کردیا ہے۔ نامہ نگاروں کے مطابق شام میں دو روز قبل تاجروں کی جانب سے کی گئی ہڑتال کے بعد اب بھی تجارتی مراکز اور بازار بند ہیں۔ دوما شہر میں پولیس اور فوج کے ناکے بدستور موجود ہیں جہاں شہریوں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں