طالبان پاکستان نے سعودی سفارتکار کے قتل میں ملوث ہونے کی تردید کر دی

طالبان پاکستان نے سعودی سفارتکار کے قتل میں ملوث ہونے کی تردید کر دی
pk-talibanدبئی(العربیہ) کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے العربیہ سے بات کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کراچی میں گذشتہ روز قتل ہونے والے سعودی سفارتکارحسن القطحانی کی ہلاکت میں ان کی تنظیم کا ہاتھ نہیں۔

کراچی میں سعودی عرب کے قونصل جنرل فالح الرحیلی نے نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ کا نشانہ بننے والے حسن القطحانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم انتہائی اچھی شہرت کے حامل انسان تھے، ان کا شمار قونصل خانے کے بہترین عملے میں ہوتا تھا۔ ان کا قتل بزدلی ہے۔
قونصل جنرل نے مزید بتایا کہ القطحانی کے ہاں دو ہفتے قبل بیٹے کی ولادت ہوئی اور ان کی کراچی میں تعیناتی کی چار سالہ مدت بیس روز بعد ختم ہونے والی تھی۔
حسن القطحانی کی میت خصوصی طیارے کے ذریعے گذشتہ رات ریاض پہنچائی گئی۔ پاکستان میں سعودی سفیر بھی میت کے ہمراہ آئے۔ مقتول القطحانی کو منگل کے روز نماز عصر کے بعد ریاض میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ حسن القطحانی کو نامعلوم دہشت گردوں نے پیر کے روز صبح دفتر آتے ہوئے گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے ڈیفنس میں بحرین اور سعودی عرب کے قونصل خانوں کو جانے والی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دی۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں