پاکستان کے شمال مغربی شہر میں ایف سی ٹریننگ سینٹر پر حملہ، 70 افراد جاں بحق

پاکستان کے شمال مغربی شہر میں ایف سی ٹریننگ سینٹر پر حملہ، 70 افراد جاں بحق
pakistan_bomb_attacksاسلام آباد(العربیہ ڈاٹ نیٹ، ایجنسیاں) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے چارسدہ میں پیرا ملٹری [ایف سی] ٹریننگ سینٹر پر خود کش حملے میں کم از کم ستّر افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں، جن میں اکثر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ضلع چارسدہ کے پولیس چیف نثار مروت نے خبر رساں ادارے رائیٹرز کو بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد اب ستّر ہو چکی ہے۔ یہ خودکش حملہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں پینسٹھ پیرا ملٹری اہلکار ہیں جبکہ پانچ شہری ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دو خود کش حملہ آوروں نے دھماکے کئے۔ دھماکے پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق علی الصباح پانچ بج کر پچپن منٹ پر ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دوہرا بم حملہ تھا۔ پولیس اہلکار ضیا اللہ نے رائیٹرز کو بتایا کہ متعدد افراد شدید زخمی ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ پشاور کے لیڈی ریڈنگ اہسپتال کی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ ان کے ہاں تیرہ لاشیں اور 68 زخمی لائے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک و زخمی ہونے والوں کی اکثریت حال ہی میں تربیت مکمل کرنے والے اہلکاروں کی تھی جو مختصر رخصت پر جانے کے لیے گاڑیوں میں سوار ہو رہے تھے۔
حکام اور عینی شاہدین نے بتایا کہ اہلکاراپنی تربیت کی تکمیل پر جمعہ کی صبح ’پاسکنگ آؤٹ پریڈ‘ میں حصہ لینے کے بعد ایف سی کے شب قدر قلعہ سے ٹولیوں کی شکل میں باہر آ رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار ایک خودکش بمبار نے تربیت گاہ کے مرکزی گیٹ کے قریب پہنچ کر دھماکا کر دیا۔
جوں ہی سکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد اپنے ساتھیوں کی مدد کے لیے پہنچی ایک اور موٹر سائیکل پر سوار خودکش حملہ آور نےدوسرا دھماکا کر دیا۔
خیال رہے کہ شدت پسند پاکستان کے شمال مغربی علاقوں میں سینکڑوں حکومت نواز قبائلی رہنماؤں کو ہلاک کر چکے ہیں۔ وہ عسکری اہداف کو بھی نشانہ بنا چکے ہیں۔
ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد پاکستان میں یہ پہلا بڑا دہشت گردانہ حملہ ہے۔ ایک بیان میں تحریک طالبان پاکستان نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسامہ بن لادن کو ہلاک کرنے پر پہلا ردعمل ہے۔ القاعدہ اور اس سے وابستہ گروپوں نے لادن کی موت کا بدلہ لینے کا اعلان کر رکھا تھا۔
رائیٹرز کے مطابق رواں ماہ کے آغاز پر پاکستان میں امریکی فورسز کی جانب سے دہشت گرد گروہ القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے نتیجے میں پاکستانی طالبان کمزور پڑتے دکھائی نہیں دیتے۔ دوسری جانب امریکا نے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں