مصر: القاعدہ کے لیڈر ایمن الظواہری کے بھائی محمد الظواہری دوبارہ گرفتار

مصر: القاعدہ کے لیڈر ایمن الظواہری کے بھائی محمد الظواہری دوبارہ گرفتار
mohammad_zawaheriدبئی(العربیہ ڈاٹ نیٹ) مصری حکام نے شدت پسند تنظیم القاعدہ کے نائب ایمن الظواہر ی کے بھائی محمد الظواہری کو رہائی کے دو روز بعد دوبارہ حراست میں لے لیا ہے۔ دو روز قبل محمد الظواہری کی رہائی فوجی کی نگرانی میں قائم عبوری حکومت کی طرف سے سیاسی قیدیوں کی رہائی کے دوران عمل میں لائی گئی تھی۔

محمد الظواہری کے وکیل ممدوح اسماعیل نے برطانوی خبر رساں ایجنسی “رائٹرز”سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے موکل کی گرفتاری ہفتے کے شام قاہرہ کے قریب ان کی رہائش گاہ سے عمل میں لائی گئی۔ گرفتاری کے وقت سادہ کپڑوں میں ملبو س اہلکار ان کے گھر پر آئے اور انہیں ایک سرکاری گاڑی میں بٹھا کر ساتھ لے گئے۔
ایک سوال کے جواب میں ممدوح اسماعیل نے کہا کہ سیکیورٹی حکام ان کے موکل کو گرفتار کر کے کسی نامعلوم مقام پر لے گئے ہیں وہ نہیں جانتے کہ ان کے موکل کو کہاں منتقل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ محمد الظواہری کو دس سال قبل حسنی مبارک کے عہد میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر ایک جہادی تنظیم سے تعلق اور بلقان میں رہتے ہوئے حسنی مبارک کا تختہ الٹنے کی سازش جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ادھر محمد الظواہری کے صاحبزادے عبدالرحمان الظواہری نے کہا کہ ان کے والد کو بغیر کسی وجہ کے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ محروس مذہبی لیڈر کے بیٹے نے العربیہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ ان کے والد کو کیوں گرفتار کیا گیا ہے اور حراست کے بعد انہیں کہاں رکھا گیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں عبدالرحمان الظواہری نے کہ ان کے والد کی کوئی سیاسی سرگرمیاں نہیں تھیں اور نہ ہی انہوں نے ہفتے کو آئینی اصلاحات کے سلسلے میں ہوئے ریفرنڈم میں حصہ لیا ہے۔
اپنے والد کی گرفتاری کی تفصیلات بتاتے ہوئے عبدالرحمان نے کہا کہ ہفتے کی شب گیارہ بجے سادہ کپڑوں اور پولیس کی وردی میں ملبوس مسلح افراد نے ان کے گھر کا دروازہ کھٹکٹھایا۔ انہوں نے دروازہ کھولا تو بغیر اجازت لیے سیکیورٹی اہلکار سیدھے اندر داخل ہو گئے۔ گھر میں موجود تمام خواتین اور بچوں کو ایک طرف کر دیا گیا اور سب کی جامہ تلاشی لی گئی۔ بعد ازاں ان کے والد کو اٹھا کر ایک گاڑی میں ڈال دیا گیا۔ اس کے بعد وہ اپنے والد کے بارے میں کچھ نہیں جانتے کہ انہیں کہاں لے جایا گیا ہے۔
داریں اثناء محمد ربیع الظواہری کی دوبارہ گرفتاری پرانسانی حقوق کی تنظیموں اورو کلا نے سیکیورٹی حکام کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ قاہرہ میں وکلاء یونین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد الظواہری کی بغیر وجہ بتائے گرفتاری قابل مذمت ہے۔حکومت بتائے کہ الظواہری کو کن اسباب کی بنا پردوبارہ حراست میں لیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ الظواہری کے اہل خانہ ان کے بارے میں سخت پریشان ہیں کیونکہ تمام تر کوشش کےباوجود انہیں محمد الظواہری کے ٹھکانے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں