بلوچستان حکومت حساس اداروں کے تعاون سے بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ فوری روکے،سپریم کورٹ

بلوچستان حکومت حساس اداروں کے تعاون سے بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ فوری روکے،سپریم کورٹ
pakistan-supreme-court1اسلام آباد(جنگ نيوز،اے پی پی) سپریم کورٹ نے بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ اور امن و امان کی خراب صورتحال کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے قلیل المدتی پالیسی کے تحت موثر اقدامات کر کے شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور مزید سماعت 11اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔

عدالت نے بلوچستان حکومت کو ہدایت کی ہے کہ صوبہ میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے آئی ایس آئی ، ایم آئی، آئی بی کو اعتماد میں لیا جائے اور مل بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالا جائے اور کہا ہے کہ یہ ادارے بھی آئین کے تابع اور عدالت کے سامنے جواب دہ ہیں اس لئے ان سے بھی تعاون حاصل کیا جائے۔
چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بادی النظر میں لگتا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال ٹھیک نہیں وہاں لوگوں کے بنیادی حقوق غصب ہو رہے ہیں یہ کس طرح کے اقدامات ہیں کہ آج بھی لوگوں کو اغوا کیا جارہا ہے ٹارگٹ کلنگ جاری ہے،عوام کوجان ومال کاتحفظ فراہم کرناریاست کی ذمہ داری ہے۔
چیف جسٹس افتخار محمدچوہدری اور جسٹس غلام ربانی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ اور امن و امان کی خراب صورتحال کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کی۔ اٹارنی جنرل مولوی انوار الحق ، چیف سیکرٹری بلوچستان اور بلوچستان ہائی کورٹ کے صدر شکیل ہادی عدالت میں موجود تھے۔ سماعت کے دوران بلوچستان کے چیف سیکرٹری نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے رپورٹ پیش کی اور کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان کی بہتر ی کیلئے کوشاں ہے۔
رپورٹ پڑھنے کے بعد چیف جسٹس نے کہا کہ صوبے میں حالات ٹھیک نہیں ہیں گیس پائپ لائنیں اڑائی جا رہی ہیں۔ بلوچستان میں لوگوں کے حقوق غصب ہو رہے ہیں، صوبہ میں روزانہ کوئی لاش ملتی ہے یا کوئی لاپتہ ہو جاتا ہے،سکولوں میں قومی ترانہ بجانے سے روکا جا رہا ہے، عوام کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری پر فائرنگ ہو سکتی ہے تو عام آدمی کیسے محفوظ ہو گا۔
ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان اور چیف سیکرٹری نے کہا کہ وہ اس امر سے اتفاق کرتے ہیں پہلے دو سال حالات بہتر رہے لیکن گزشتہ دو مہینے سے حالات بگڑرہے ہیں تاہم حکومت بہتری کیلئے کوشاں ہے مغوی ججز کو بازیاب کرا لیا گیا ہے جبکہ وکلاء کی بازیابی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ کمشنری نظام بھی بحال کیا جا رہا ہے وزیراعلیٰ جلد قبائلی جرگہ اور آل پارٹی کانفرنس بلا رہے ہیں اس کے علاوہ صوبہ میں بلدیاتی انتخابات بھی جلد کرا دیئے جائینگے۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں