ریمنڈ ڈیوس کو امریکی دباؤ پر رہا کیا گیا تو عوام حکمرانوں کا گھیراؤ کریں۔ ۔ ۔ علماء کنونشن

ریمنڈ ڈیوس کو امریکی دباؤ پر رہا کیا گیا تو عوام حکمرانوں کا گھیراؤ کریں۔ ۔ ۔ علماء کنونشن
rymond-davisکراچی ( ثناء نیوز)جماعت اسلامی کے زیر اہتمام فاران کلب گلشن اقبال میں منعقدہ علماکنونشن میں شریک مختلف دینی جماعتوں کے رہنماؤں ،دینی اسکالرز اور ممتاز علماء کرام نے وفاقی وزیر اقلیتی امور شہباز بھٹی کے قتل کی مذمت اور اسے اسلام و ملک دشمن قوتوں کی سازش قراردیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قوم کو بتایا جائے کہ سیکورٹی اداروں کے تحفظات کے باوجود پاکستان کو میدان جنگ بنانے والے بلیک واٹر کے امریکی دہشتگردوں کو تھوک کے حساب سے دبئی اور واشنگٹن میں ویزے کس کے حکم پر جاری کئے گئے ۔ریمنڈ ڈیوس کو امریکی دباؤ پر رہا کیا گیا تو عوام حکمرانوں کا گھیراؤ کریں گے ، رحمان ملک دینی مدارس پر الزامات ثابت کریں یا اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعفی ہوجائیں ۔وزیر داخلہ اور واشنگٹن میں مقیم پاکستانی سفیر ملکی مفاد اور قوم کی ترجمانی کی بجائے امریکی مفادات کے محافظ اور سامراجی قوتوں کی ترجمان کا کردار ادا کررہے ہیں ،ایسے لوگوں کو ملک کے اہم مناصب پر رہنے کا کوئی حق نہیں پہنچتا نیز ایک قرارداد کے ذریعے امریکی مداخلت ختم ،ڈیوس کو عبرتناک سزا اور توہین رسالت قانون میں تبدیلی نہ کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ۔

علماء کنونشن سے چےئرمین رویت ہلال کمیٹی و صدر تنظیم المدارس مفتی منیب الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب ہڑتال اور پر امن احتجاج کے ذریعے حکمرانوں کو یہ پیغام مل گیا ہے کہ کوئی مسلمان چاہے کتنا ہی بے عمل ہو وہ توہین رسالت برداشت نہیں کرسکتا ۔توہین رسالت قانون میں تبدیلی یا اسے غیر موئثر بنانے کی کوشش قوم کو ہرگز قبول نہیں ہے ۔یہ قانون جارحانہ نہیں بلکہ درحقیقت اقلیتوں کے تحفظ کی ضمانت ہے ،ہم غیر مذاہب کے ساتھ مکالمہ کرنے کیلئے تیار ہیں میرے علم میں کوئی ایسی بات نہیں کہ کسی مولوی نے شہباز بھٹی کے قتل کا فتویٰ جاری کیا ہو ، میڈیا کو انارکی اور انتہا پسندی پھیلانے کی بجائی ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہئے ۔جمہوری قدروں کا تقاضہ ہے کہ 90%عوام کے جذبات کو اہمیت دی جائے ۔پرویز مشرف نے ایک سازش کے تحت توہین رسالت کرنے والے مجرم کی FIRایس ایچ او کے بجائے SSP تک لے آئے ،اگر FIR درج کرانے کا مرحلہ آسان کیا جائے تو وہ مجرم آسانی کے ساتھ پولیس کے تحفظ میں چلا جاتا ہے ،صحیح یا غلط کا فیصلہ عدالتیں کریں گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے پاکستانی سفیر سمیت کچھ ذمہ داران پاکستان کے بجائے امریکی مفادات کے محافظ اور ان کی بولی بول رہے ہیں ،بڑی تعداد میں امریکیوں کو ویزے کس کے حکم پر جاری کئے گئے پارلیمنٹ میں موجود دینی جماعتوں کے ممبران کو اس مسئلے پر آواز اٹھانی چاہئے ،خطرات کی جڑ تک پہنچنا ہماری سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں موجود دینی جماعت کے رہنماؤں کی گیلانی سے ناراضگی اور زرداری سے ملاقاتیں سمجھ سے بالاتر ہیں ۔
جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے مولانا اسداللہ بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں عموماً اور پاکستان میں خصوصاً سامراج اور ان کے حواری مسلمانوں کو کچلنے کی سازشوں میں مصروف ہیں ۔لیبیا پر امریکی فوج اتارنے والا بیان قابل مذمت ہے اور اگر اس طرح کیا گیا تو پورے عالم اسلام پر حملہ تصور کیا جائے گا،یہ لیبیا کا اندرونی مسئلہ ہے ۔امریکہ نے ہمیشہ مسلمانوں کے تیل ودیگر وسائل پر قبضہ کرنے کیلئے اس طرح ا شب خون مارا ہے۔ کویت عراق وافغانستان پر حملہ اور اب لیبیاپر حملے کی تیاری اس سازش کی کڑی ہے ،کسی بھی ملک کے اندرونی مسئلہ پر فوج اتارنے کا امریکہ سمیت کسی کو حق نہیں پہنچتا ،اس پر اقوام متحدہ سمیت عالمی ضمیر کی خاموشی افسوس ناک عمل ہے ۔انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ کا کوئی جواز نہیں تھا قوم کے خون پسینے کے ٹیکس کی شکل میں ملنے والے 9کھرب امریکی جنگ میں وانا وزیرستان آپریشن میں جھونک دئیے گئے جس کی وجہ سے پاکستان کے عوام بھوک و افلاس مہنگائی ،بدامنی کا شکار اور ملکی معشیت تباہ ہوچکی ہے ،پہلے ہی عوام فی لٹر پر 34روپے ٹیکس دے رہے تھے اب 9ارب روپے اضافہ کرکے 50%واپس لیا گیا اس ٹوپی ڈرامے میں اتحادی جماعتیں برابر کی شریک ہیں ۔حالیہ اضافہ امریکہ اور عالمی مالیاتی اداروں کی ڈکٹیشن پر کیا گیا ہے ۔
جے یوپی کے مرکزی رہنماء قاضی احمد نورانی نے کہا کہ نظام مصطفی اس ملک کا مقدر بن چکا ہے ، جس فرد کو ناموس رسالت کی اہمیت اور قدر کا پتہ نہیں ہے اسے مسلمان کہلانے کا کوئی حق نہیں پہنچتا ۔شعیہ عالم و متحدہ محاذ کے سربراہ مرزایوسف نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر پاکستان کے غیور عوام نے اتحاد و یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کرکے امریکہ اور ان کے یار حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ہے ،اسلام میں کسی مجرم کو کوئی استثنیٰ حاصل نہیں ہے ۔
جمعیت غرباء اہل حدیث کے مرکزی نائب صدر مولانا محمد سلفی نے کہا کہ مفاد پرست حکمرانوں نے اس وقت پورے ملک کو میدان جنگ بنادیا ہے لہذا علماء کرام پر پہلے سے کہیں زیادہ ذمہ داری بڑھ جاتی ہے کہ وہ فروعی اختلاف اور مسالک سے آگے بڑھ کر امت کو اتحاد کا پیغام دیں.
جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہر تحریک میں علماء کا اتحاد سنگ میل ثابت ہوتا ہے ،جماعت اسلامی نے ہمیشہ اتحاد کی بات کی ہے ،حکومتی حوس سے بالاتر ہوکر اسلام کے غلبے کی سیاست وقت کی ضرورت ہے ۔
جماعت الدعوا کراچی کے امیر انجئیر نوید قمر نے کہا کہ پوری دنیا کے کافروں نے مل کر امت کے اتحاد کو کمزور کرنے کی کوشش کی ہے ،دنیا میں سب سے بڑا امریکی سفارتخانہ اسلام آباد میں ہے اور 13500امریکی ایجنٹ عالم اسلام کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ایک بڑا خونی کھیل کھیلنے کیلئے دندناتے پھر رہے ہیں ،کوئی ان سے پوچھ کچھ کرنے والا نہیں ۔
تحریک منہاج القرآن کے امیر مولانا عبدالمجید اشرفی نے کہا کہ حالات کا تقاضہ ہے کہ امت متحد ہوکر اغیار کی سازشوں کو ناکام بنائے ۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث کے افضل سردار نے کہا کہ جب بھی مسلمانوں کی ایمانی غیرت کو للکارا گیا ہے تو امت نے اپنے بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے ۔توہین آمیز خاکوں سے لیکر توہین رسالت قانون کیخلاف سازشوں تک صلیبی جنگ کا حصہ ہیں ۔
ختم نبوت کے مولانا توصیف احمدکہا کہ اپنے نظریات و اقدار کی حفاظت مسلمانوں کی اولین ذمہ داری ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ قادیانیوں کو ملک کے کلیدی عھدوں سے الگ کیا جائے ،علماء کرام ان پر کڑی نظر ،سازشوں سے عوام کو آگاہ رکھیں.
جماعت اسلامی ضلع شرقی کے امیر اسامہ رضی نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کے قاتل ریمنڈ ڈیوس کے ساتھ چھ سو افراد کا نیٹ ورک طالبان اور مختلف گروہوں کے روپ میں دینی مدارس و امام بارگاہوں ،ملک کے نظریاتی اثاث پرحملہ آور ہیں مگر ہمارے سیکورٹی اداروں سمیت کوئی ان سے پوچھنے والا نہیں ۔اس موقع پر جمعیت اتحاد العلماء کے رہنماؤں مولانا عبدالرؤف ، مولانا محمد ابراہیم حنیف، قاری ضمیر اختر ،مولانا یامین منصوری ،حافظ خالد مسعود ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں