اخوان “انصاف و آزادی ” کے نام سے نئی سیاسی جماعت تشکیل دے گی

اخوان “انصاف و آزادی ” کے نام سے نئی سیاسی جماعت تشکیل دے گی
badihدبئی (العربیہ ڈاٹ نیٹ) مصر کی سب سے بڑی منظم مذہبی سیاسی جماعت اخوان المسلمون کے مرشد عام ڈاکٹر محمد بدیع نے بتایا ہے کہ شعبہ دعوت و ارشاد “انصاف و آزادی ” کے نام سے تنظیم کی سیاسی شاخ کی تاسیس کی تیاری کر رہا ہے۔ سیاسی جماعت کے تاسیسی بورڈ کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا جس کے بعد اسے آئینی شکل دینے کے لیے اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔

العربیہ ٹی وی کے مطابق قاہرہ میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں ڈاکٹر محمد بدیع کا کہنا تھا کہ نئی سیاسی جماعت کے قیام کی تجویز طویل عرصے سے جماعت کی مجلس شوریٰ میں زیر غور تھی۔ ملک میں آنے والی سیاسی تبدیلیوں اور انقلاب کے بعد حالات کا تقاضا ہے کہ نئی سیاسی جماعت کے قیام میں اب تاخیرسے کام نہ لیا جائے بلکہ عوامی امنگوں پر پورا اترتے ہوئے ایک منظم سیاسی نظام قائم کیا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں اخوان المسلمون کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مصر اب 25 جنوری سے پہلے کے حالات کی جانب واپس نہیں جائے گا بلکہ اب وقت آ گیا ہے کہ مصر اپنے وقار اور حقیقی آزادی کو بحال کرے اور اپنے مستقبل کو روشن کرتے ہوئے قوم کو ترقیاتی قوموں میں شامل کرے۔
نئی سیاسی جماعت کی تشکیل سے متعلق ایک اور سوال کے جواب میں ڈاکٹر بدیع نے کہا کہ مجلس شوریٰ نئے سیاسی گروپ کی تنظیمی ڈھانچے کی تیاری میں مصروف ہے۔ اس کے تمام شعبوں کو حتمی شکل دینے اوران شعبوں کی ذمہ داریاں سونپے جانے کے بعد اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
پیش آئند نئی سیاسی جماعت میں شمولیت کے طریقہ کار سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کی سیاسی جماعت کے دروازے تمام شہریوں کے لیے یکساں کھلے ہوں گے۔ ہم دعوت دیتے ہیں کہ اخوان المسلمون کے سیاسی نظم و نسق سے جس شہری کو اتفاق ہے وہ اس جماعت میں شامل ہو کر ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں