مصر میں پارلیمنٹ تحلیل، آئین معطل

مصر میں پارلیمنٹ تحلیل، آئین معطل
egypt-armyقاہرہ(بى بى سى) مصر کے سرکاری ٹی وی کے مطابق مصر میں فوج نے پارلیمنٹ کو تحلیل کردیا ہے اور آئین معطل کردیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ نئی حکومت تک فوج ملک کی باگ ڈور سنبھالے رکھے گی۔ سرکاری میڈیا کے مطابق فوج تقریباً چھ ماہ یا انتخاب کے انعقاد تک اقتدار میں رہے گی۔

مصر میں فوج نے پارلیمنٹ کو تحلیل کردیا ہے اور آئین معطل کردیا ہے۔
یہ اعلان مصر کے سرکاری ٹی وی پر کیا گیا ہے۔ اعلان میں کہا گیا ہے کہ سیاسی اصلاحات اور نئی حکومت میں چھ ماہ لگ سکتے ہیں اور اس وقت تک فوج ملک کی باگ ڈور سنبھالے رکھے گی۔
اس کے علاوہ سرکاری ٹی وی پر یہ بھی اعلان کیا گیا ہے کہ فوج ایک پینل قائم کرے گی جو ملک کے آئین میں ترمیم کرے گی۔
اس سے قبل حسنی مبارک کے اقتدار سے مستعفی ہونے کے بعد ان کی بنائی گئی کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا۔
مصر کے وزیر اعظم احمد شفیق نے کہا کہ نگران حکومت کی پہلی ذمہ داری ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔
دریں اثناء کئی حوالوں سے قاہرہ میں زندگی معمول پر آنا شروع ہو گئی ہے۔ شہر میں بینک، دکانیں اور یونیورسٹیاں دوبارہ کھل گئی ہیں اور سڑکوں پر عوام کی بڑی تعداد کے علاوہ ٹریفک بھی رواں دوان ہے۔
مصر کی فوج نے قاہرہ میں واقع التحریر سکوائر میں موجود مظاہرین سے جگہ خالی کرانی شروع کردی۔ تاہم مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تک وہاں سے نہیں جائیں گے جب تک اصلاحات پر عملدرآمد نہیں ہو جاتا۔ کئی مقامات پر فوج اور مظاہرین کے درمیان آمنا سامنا بھی ہوا لیکن کسی مرحلے پر بھی صورت حال میں تلخی پیدا نہیں ہوئی۔
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر ایمن نور نے کہا ہے کہ فوج کے اس اقدام سے مظاہرین کو مطمئین ہو جانا چاہیے۔ ’یہ انقلاب کی جیت ہے۔‘

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں