شمالی وزیرستان میں امریکی درندگی جاری‘ 3 حملوں میں مزید 22 شہید

شمالی وزیرستان میں امریکی درندگی جاری‘ 3 حملوں میں مزید 22 شہید
drone-attackپشاور(مانیٹرنگ ڈیسک/خبرایجنسیاں) شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیاروں کی3الگ الگ حملوں میں22 افراد شہیدہوگئے۔پولیٹکل حکام کے مطابق شمالی وزیرستان میں صدر مقام میران شاہ سے تقریباً 15 کلو میٹر مغرب کی جانب افغان سرحد کے قریب تحصیل غلام خان کے علاقے سیر خیل میں منگل کی صبح ایک ڈرون حملہ ہوا جس میں ایک احاطے پر 2 میزائل داغے گئے۔

اس حملے میں جس احاطے کو نشانہ بنایا گیا اس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ مقامی طالبان کمانڈر حافظ گل بہادر کے گروپ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا ٹھکانہ تھا۔پولیٹکل انتظامیہ کے اہلکاروں نے مزید بتایا کہ حملے میں احاطے میں قائم رہائشی عمارت کو شدید نقصان پہنچا جبکہ اس کے صحن میں کھڑی ایک گاڑی بھی تباہ ہو گئی۔ اس حملے میں 7 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔
حکام نے بتایا کہ اس حملے کے ایک گھنٹے بعد جب لوگ ملبے سے لاشیں نکالنے میں مصروف تھے تو عین اسی جگہ پر ایک اور میزائل داغا گیا جس کے نتیجے میں مزید 12 افرادشہید ہو گئے۔ان حملوں کے ایک گھنٹے کے بعد صدر مقام میران شاہ کے قریب ایک گاڑی ڈرون سے داغے گئے میزائل کا نشانہ بنی۔ اس حملے میں مزید3 افراد لقمہ اجل بن گئے۔اس علاقے میں زیادہ تر ٹھکانے افغان طالبان کمانڈر جلال الدین حقانی کے بتائے جاتے ہیں اور یہاں زیادہ تر حملے ان کے ہی ٹھکانوں پر ہوئے ہیں۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ منگل کو بغیر پائلٹ کے طیارے نے مبینہ طور پر عسکریت پسندوں کے ٹھکا نوں پر یکے بعد دیگرے کئی میزائیل داغے۔اس طرح صرف منگل کو ہونے والے 3 حملوں میں مرنے والوں کی تعداد22 ہو گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز(پیر کو) میر علی میں ڈرون حملو ں میں22 افراد شہید ہوگئے تھے ۔ اس طرح 2 روز میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد44ہوگئی۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں