افغانستان، طالبان کے حملے 3 نیٹو، 7 افغان پولیس اہلکار ہلاک

افغانستان، طالبان کے حملے 3 نیٹو، 7 افغان پولیس اہلکار ہلاک
taliban00کابل /جلال آباد(اے ایف پی/رائٹرز)افغانستان میں طالبان کے تازہ حملوں اور بم دھماکوں میں نیٹو کے مزید 3فوجی جبکہ پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں 7افغان اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ حملہ آورطالبان پولیس اہلکاروں کے ہتھیارقبضہ کرکے لے گئے۔

ادھرمشرقی شہر جلال آبادمیں ایک بم دھماکے میں سی ڈیز کی دکان تباہ ہوگئی جس کے باعث دکاندارسمیت10افرادزخمی ہوگئے۔
فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق نیٹوکے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں مسلح جنگجوؤں کے حملے اور سڑک کنارے بم دھماکوں میں 3نیٹو فوجی ہلاک ہوگئے۔پالیسی کے تحت ان تینوں فوجیوں کی شناخت بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک فوجی بدھ کو جنوبی افغانستان میں جنگجوؤں کے ایک حملے میں ماراگیا جبکہ دوسرافوجی،جوایک بم دھماکے میں زخمی ہوگیا تھا،زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔بیان کے مطابق تیسرانیٹوفوجی بدھ کو مشرقی افغانستان میں ایک مسلح حملے میں ہلاک ہوا۔اے ایف پی کے مطابق رواں سال افغانستان میں مرنے والے غیر ملکی فوجیوں کی تعداد633ہوگئی ہے۔
فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق افغان حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان کے جنوبی صوبے ارزگان میں ضلع خاص ارزگان میں طالبان جنگجوؤں نے ایک پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس میں 7افغان پولیس اہلکاروں کو ہلاک اورایک کو زخمی کردیا جبکہ طالبان سرکاری ہتھیاروں اورایک پولیس اہلکارکے ساتھ موقع سے فرارہوگئے۔
ارزگان کے گورنرنے اس حملے کو ایک سازش قراردیا اورکہا کہ سنتری کی ڈیوٹی دینے والے اہلکار کے طالبان کے ساتھ روابط تھے اوراس کی ہدایت پرحملہ کیا گیا۔طالبان ترجمان قاری یوسف احمدی نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کے اس حملے میں 8پولیس اہلکار وں کو ہلاک کیااورچیک پوسٹ میں تعینات تمام اہلکاروں کے ہتھیاربھی اپنے قبضے میں لے لئے ہیں۔
ادھرپاکستانی سرحد کے قریب افغانستان کے مشرقی شہر جلال آبادمیں موسیقی کی ایک دکان جہاں ایک ہفتہ قبل سی ڈیز کا کاروبار شروع کیا گیا تھا،میں ایک بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں دکان مکمل تباہ ہوگئی اوردکان مالک سمیت 10افرادزخمی ہوگئے۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں