سعودی عرب: طوفانی بارش، مکہ مکرمہ میں سیلاب کی وارننگ

سعودی عرب: طوفانی بارش، مکہ مکرمہ میں سیلاب کی وارننگ
rain-meccaدبئی(العربیہ.نیٹ) سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے خبردار کیا ہےکہ ملک بھر بالخصوص مکہ مکرمہ میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ ادھر غار حراء کی زیارت کو جانے والے تین عازمین حج آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہو گئے ہیں۔

سعودی محکمہ شہری دفاع کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ منگل کو مکہ مکرمہ میں تین گھنٹے موسلا دھار بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقے زیر آب آ گئے اور معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق بارشوں کا سلسلہ اگلے چند روز مزید جاری رہنے کا امکان ہے۔
العربیہ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کی پیشگوئی ایسے وقت میں کی گئی ہے جبکہ دنیا بھر سے لاکھوں عازمین حج حجاز مقدس پہنچ رہہے ہیں جہاں وہ وسط نومبر میں فریضہ حج ادا کریں گے۔
منگل کے روز مکہ مکرمہ میں شدید بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک اور زیر زمین بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ مکہ مکرمہ میں مختلف مقامات پر آسمانی بجلی گرنے سے شہریوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سعودی محکمہ سول ڈیفنس نے ہنگامی موسمی حالات سے نمٹنے اور ٹریفک کا بہاٶ برقرار رکھنے کے لیے 60 ٹیمیں تشکیل دی ہیں، جو بارش زدہ علاقوں بالخصوص مکہ مکرمہ میں جنگی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ادھر دوسری جانب روسی محکمہ موسمیات کے ماہرین نے عالمی سطح پر موسمی تغیرات کے سلسلے میں سعودی عرب میں اس سال کے آخر تک مسلسل تیز بارشوں اور طوفان کی پیشگوئی کی ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کے ضلع جدہ میں گذشتہ برس عید الاضحی کے دوران ہوئی طوفانی بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی۔ طوفان اور سیلاب کے باعث 116 افراد جاں بحق، 07 ہزار 797 خاندان بے گھر، 12 ہزار کے قریب املاک اور 10 ہزار 913 گاڑیاں تباہ ہوئیں۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں