کوئٹہ:نیٹو آئل ٹینکرز پر حملہ، ایک ہلاک

کوئٹہ:نیٹو آئل ٹینکرز پر حملہ، ایک ہلاک
nato-containersکوئٹہ(بی بی سی) صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قریب نیٹو سپلائی کے آئل ٹینکرز پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں کم از کم دس ٹینکرز تباہ ہوگئے ہیں۔ حکام کے مطابق فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی بھی ہوا ہے۔

بی بی سی کے نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی بدھ کی صبح اس وقت ہوئی جب دو گاڑیوں میں سوار مسلح افراد نے کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر اختر آباد کے مقام پر افغانستان میں موجود نیٹو فورسز کو تیل کی فراہمی کرنے والے آئل ٹینکرز پر فائرنگ کر دی۔
کوئٹہ کے ڈی آئی جی آپریشنز عامر شکیل کے مطابق فائرنگ سے ٹینکرز میں آگ لگ گئی اور دس ٹینکرز تباہ ہو گئے۔ تاہم کنٹینرز اینڈ ٹرالرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نادر خان کا کہنا ہے کہ پارکنگ میں اکسٹھ ٹینکرز اور کنٹینرز موجود تھے جن میں سے صرف اٹھارہ کو بچایا جا سکا ہے اور پینتالیس ٹینکرز تباہ ہوئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آور اس کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے اور ان کی تلاش کا کام جاری ہے۔ اس واقعے کے بعد فرنٹیئر کور اور پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
حکام نے اس حملے میں ایک شخص کی ہلاکت اور ایک کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ٹینکرز میں لگنے والی آگ پر کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد قابو پایا جا سکا اور آگ بجھانے کی کوششوں میں کوئٹہ اور نواحی علاقوں کی فائر بریگیڈ کے عملے نے حصہ لیا۔
خیال رہے کہ یہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران نیٹو کو رسد فراہم کرنے والے ٹینکرز پر حملے کا تیسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل تیس ستمبر کی شب صوبہ سندھ کے شہر شکارپور کے نزدیک مسلح افراد نے حملہ کر کے نیٹو سپلائی کے ستائیس آئل ٹینکرز کو تباہ کر دیا تھا۔ اس کے چار دن بعد تین اکتوبر کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نواحی علاقے سہالہ کے قریب آئل ٹینکرز پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں دس کنٹینرز تباہ اور کم از کم تین افراد ہلاک اور نو زخمی ہوئے تھے۔
نیٹو کے آئل ٹینکرز پر حالیہ حملوں کی ذمہ داری کالعدم تنظیم تحریک طالبان نے قبول کی ہے جبکہ پاکستانی حکام کی جانب سے ان حملوں کو نیٹو افواج کی پاکستانی علاقے میں کارروائی کا عوامی ردعمل قرار دیا گیا ہے۔nato_route_map
پاکستان نے کرم ایجنسی میں کی جانے والی اس کارروائی کے بعد سے طورخم کے راستے نیٹو کو رسد کی فراہمی کا سلسلہ بھی معطل کر رکھا ہے اور حکومت کا کہنا ہے کہ سپلائی پر پابندی قافلوں کی حفاظت کے پیش نظر لگائی گئی ہے۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں