ایم بی سی خلیفہ دوم حضرت عمر رضی اللہ عنہ پر سیریز پیش کرے گا

ایم بی سی خلیفہ دوم حضرت عمر رضی اللہ عنہ پر سیریز پیش کرے گا
omar-filmدبئی (العربیہ) دبئی میں قائم ایم بی سی گروپ نے جمعرات کو قطر کے پبلک میڈیا گروپ کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت مسلمانوں کے خلیفہ دوم حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کی زندگی، شخصیت، کردار اور کارناموں کے بارے میں ٹیلی وژن سیریز تیار کی جائے گی جو آیندہ سال رمضان المبارک کے دوران نشر کی جائے گی۔

اس معاہدے پر دبئی میں ایم بی سی کے ہیڈکوارٹرز میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران دستخط کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر ایم بی سی کے چئیرمین شیخ ولید بن ابراہیم آل ابراہیم اور قطر کی جانب سے شیخ فیصل بن جاسم الثانی اور قطر ٹی وی کے چیئرمین محمد عبدالرحمان الکواری بھی موجود تھے۔
شیخ ولید بن آل ابراہیم نے کہا کہ اس سیریز کو عالم اسلام میں زیادہ بولی جانے والی بڑی زبانوں اردو، فارسی وغیرہ میں ڈب کر کے پیش کیا جائے گا اور اسے انگریزی، فارسی اور دوسری زبانوں میں بھی سب ٹائٹل کے ساتھ نشر کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس ٹی وی سیریز میں خلیفہ راشد حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے تاریخ اسلام میں کارناموں اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس دنیا سے پردہ پوش ہو جانے کے بعد اسلام کی اشاعت میں کردار کو اجاگر کیا جائے گا اور یہ ٹی وی سیریز پوری اسلامی تاریخ کے لیے ایک اہم مآخذ ثابت ہو گی۔
نیوز کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شیخ ولید بن آل ابراہیم نے کہا کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی شخصیت ہمارے لیے ایک بہت ہی اچھا نمونہ ہے اور تمام مسلمانوں کو ان کی پیروی کرنی چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ اس اہم ٹی وی سیریز کو پیش کرنے کا بنیادی مقصد اسلامی تاریخ کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنا اور اس حوالے سے ارادی یا غیر ارادی طور پر پھیلائے گئے غلط تصورات کا تیا پانچا کر کے تاریخ کی درست تصویر پیش کرنا ہے اور یہ کام ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب ہر کہیں اسلامی عقائد اور تصورات کے بارے میں تنازعے کھڑے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمیں اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ہم حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے عظیم کردار کی پیروی کریں اور اسے ایک بہترین نمونے کے طورپر پیش کریں۔
ایم بی سی کے گروپ چئیرمین نے بتایا کہ اس ٹی وی سیریز کو ڈراما نگار ڈاکٹر ولید سیف لکھیں گے اور اس کی ہدایات ٹی وی ڈائریکٹر حاتم علی دیں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ٹی وی سیریز پر معروف علماء اور شریعہ کے پروفیسرحضرات ڈاکٹر یوسف القرضاوی، ڈاکٹر سلمان العودہ، ڈاکٹر عبدالوہاب الطریری، ڈاکٹر علی الصلابی، ڈاکٹر سعد مطرالعتیبی اور ڈاکٹر اکرم ضیاء العمری نظر ثانی کریں گے۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں