مسلم لیگ ن نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی تک امریکی سفارتخانہ بند کرنے کامطالبہ کردیا

مسلم لیگ ن نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی تک امریکی سفارتخانہ بند کرنے کامطالبہ کردیا
afiya00اسلام آباد (جسارت نيوز) مسلم لیگ ن نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی تک امریکی سفارتخانہ بند کرنے کامطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی عدالت سے سزا کے خلاف بحث شروع ہوگئی ہے ،بدھ کون لیگ کے برجیس طاہر نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو امریکی عدالت سے سزا کے بعد انسانی حقوق کے چمپئن بننے کے دعویدار امریکی عوام اور حکومت کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے ،عافیہ صدیقی کو امریکا کے حوالے کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے‘ امریکا اور ناٹو فورسز کی لاجسٹک سپورٹ فوری طور پر بند کی جائے ، اسلام آباد میں قائم امریکی سفارت خانہ اس وقت تک بند کیا جائے جب تک عافیہ صدیقی کو رہا نہیں کیا جا تا، امریکی عدالت کا فیصلہ صدی کا بدترین فیصلہ ہے جبکہ مفاد پرست عناصر نے ڈالروں کے عوض پاکستانیوں کو امریکا کے آگے بیچ دیا جن کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی امریکی شہری پاکستان میں گرفتار ہو جائے تو امریکا میں طوفان برپا ہو جائے گا، پارلیمنٹرین کو عہد کرنا ہوگا کہ جب تک عافیہ صدیقی کو واپس نہیں لایا جاتا اس وقت امریکا کا دورہ نہیں کریں گے۔

ن لیگ کے راجا محمد اسد نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کا خیال رکھنے والوں کو حقیقی چہرے اس وقت سامنے آتے ہیں جب مسلمانوں کے لیے ان حقوق کی بات کی جائے امریکا مسلمانوں پر بم گراتا ہے ،مسلمان خواتین پر تشدد کرنا ہے اور دوسری طرف امداد دینے کا اعلان کرتا ہے‘ امریکا وٹامن میں زہر ملا کر دیتا ہے ۔
خرم دستگیر نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ عافیہ صدیقی کو ماورائے آئین اقدام اٹھا کر گرفتار کیا گیا،ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہا کرا کر واپس لایا جائے‘ حکومت کے ڈھائی سالہ دور میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ،ایوان میں بحث نہیں ہوتی کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کیا حاصل کیا اور کیا کھویا ہے ۔
خالدہ منصور نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ کہا جائے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی سب سے زیادہ امریکا کرتا ہے تو یہ غلط نہ ہو گا ،عافیہ صدیقی کو ڈالروں کے عوض امریکا کے حوالے کیا گیا ،حکومت کا فرض ہے کہ وہ معلوم کرے کہ عافیہ صدیقی کو امریکا کے حوالے کس نے کیا اور کیوں کیا ،حکومت اپنی پالیسیاں درست کرے اور امریکا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہے کہ ہم ڈرون حملوں کی اجازت نہیں دیں گے‘ حکومت عوام کی آہیں اور بددعائیں نہ لے۔
ظفر بیگ بٹینی نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ احتجاجی طور پر امریکا کی لاجسٹک سپورٹ بند کر دی جائے تو وہ چیختے چلاتے دوڑا چلا آتا ہے ۔
جسٹس (ر) فخر النساءکھوکھر نے کہا کہ عافیہ صدیقی پر دائر مقدمات میں قانون اور انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کیا گیا‘ عافیہ صدیقی کے کیس کا فیصلہ اس صدی کا بدترین فیصلہ ہے جو ایک عورت کے خلاف دیا گیا ہے ،اوباما اپنے اختیارات استعمال کر کے عافیہ صدیقی کو رہا کرائیں ،ڈاکٹر عطیہ عنایت اللہ نے کہا کہ عافیہ صدیقی کو 86 سال کی سزا امریکا کا انصاف نہیں بلکہ سوچا سمجھا گیا عدالتی ظلم ہے یہ بے ضمیر قوم کا فیصلہ ہے امریکی سامراج کے خلاف نفرت پھیل گئی ہے ، امریکا کی لاجسٹک سپورٹ اس وقت تک بند کی جائے جب تک عافیہ صدیقی کو رہا نہیں کیا جاتا ۔
ناہید شاہد علی نے کہا کہ امریکی عدالت کا فیصلہ نا انصافی پر مبنی ہے ہم الطاف حسین کی طرف سے امریکی صدر اوباما سے اپیل کرتے ہیں کہ عافیہ کی سزا ختم کر کے انہیں رہا کیا جائے ۔
قبل ازیںحکومت نے قومی اسمبلی کوبتایاہے کہ پاکستان کی فضائی حدودمیں ناٹوحملے کامعاملہ افغانستان سے متعلق سہ فریقی کمیشن کے اجلاس میں اٹھایاجائے گاجبکہ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کا خاندان ان کی رہائی کے لیے فی الحال حکومتی مددنہیں چاہتا۔
ڈاکٹر عافیہ پر بحث سمیٹتے ہوئے رحمن ملک نے کہا کہ انہیں غیر قانونی طور پر امریکا لے جایا گیا ان کا خاندان اپنے وکلا کی مدد سے رہائی کی کوششیں کررہا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ فی الحال ان کی واپسی کے لیے حکومتی کوشش نہ کی جائے۔
ایوان نے مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق کی پاکستانی حدود میں ناٹو حملے کے خلاف پیش کردہ تحریک التوا بحث کیلئے منظورکرلی۔ وزارت ریلوے نے تحریری جواب میں ایوان کو بتایا کہ محکمہ ریلوے کے ذمہ31کروڑ74 لاکھ ڈالر کا بیرونی قرض ہے۔ صحت کی پارلیمانی سیکرٹری نے بتایاکہ ملک میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد98 ہزار ہے۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں