چہل حدیث متعلقہ رمضان و صیام (2)

چہل حدیث متعلقہ رمضان و صیام (2)
ramadhan_40_2روزه جسم کی زکوة ہے: (22) فرمایا خاتم النبی صلی الله علیه وسلم نے کہ ہرچیز کی زکوة ہوتی ہے، اور جسم کی زکوة روزہ ہے. (ابن ماجه عن ابی هریرة رضی الله عنه)

سردی میں روزه
(23) فرمایا سرور دو عالم صلی الله علیه وسلم نے کہ موسم سرما میں روزه رکهنا مفت کا ثواب ہے. (ترمذی عن عامر رضی الله عنه) مفت کا ثواب اس لۓ فرمایا کہ اس میں پیاس نہیں لگتی اور دن جلدی سے گذرجاتا ہے، افسوس ہے کہ بہت سے لوگ اس پر بهی روزہ سے گریز کرتے ہیں.

جنابت روزه کے منافی نہیں
(24) فرمایا حضرت عائشه رضی الله عنها نے کہ رمضان المبارک میں حضور اقدس صلی الله علیه وسلم کو بحالت جنابت صبح ہوجاتی تهی اور یہ جنابت احتلام کی نہیں (بلکہ بیویوں کے ساتهـ مباشرت کرنے کی وجہ سے ہوتی تهی) پهر آپ غسل فرما کر روزه رکهـ لیتے تهے. (بخاری و مسلم) مطلب یہ کہ صبح صادق سے قبل غسل نہیں فرمایا اور ورزه کی نیت فرمالی پهر طلوع آفتاب سے قبل غسل فرما کر نماز پڑهـ لی اس طرح سے روزه کا کچهـ حصہ حالت جنابت میں گذرا اس لۓ کہ روزه بالکل ابتداۓ صبح صادق شروع ہوجاتا ہے، اسی طرح اگر روزه میں احتلام ہوجاۓ تو بهی روزه فاسد نہیں ہوتا، کیونکہ جنابت روزه کے منافی نہیں ہے، ہاں اگر عورت کے ماہواری کے دن ہوں تو روزه نہ ہوگا ان دنوں کی قضا بعد میں فرض ہے، یہی مسئلہ نفاس کے ایام کا ہے، نفاس وه خون ہے جو بچہ پیدا ہونے کے بعد آتا ہے.

روزه میں مسواک
(25) فرمایا حضرت عامر بن ربیعہ رضی الله عنه نے کہ رسول خدا صلی الله علیه وسلم کو بحالت روزه اتنی بار مسواک کرتے ہوۓ دیکها ہے کہ جس کا میں شمار نہیں کرسکتا. (ترمذی) مسواک تر ہو یا خشک روزه میں ہر وقت کرسکتے ہیں، البتہ منجن، ٹوتهـ پاؤڈر، ٹوتهـ پیسٹ یا کوئلہ و غیرے سے روزه میں دانت صاف کرنا مکروہ ہے.

روزه میں سرمہ
(26) فرمایا حضرت انس رضی الله عنه نے کہ ایک شخص نے عرض کیا یا رسول الله صلی الله علیه وسلم میری آنکهـ میں تکلیف ہے کیا میں روزه میں سرمہ لگا لوں؟ فرمایا لگا لو! (ترمذی)

اگر روزه دار کے پاس کهایا جاۓ
(27) فرمایا فخر بنی آدم صلی الله علیه وسلم نے کہ جب تک روزه دار کے پاس کهایا جاتا رہے اس کی ہڈیاں تسبح پڑهتی ہیں اور اس کے لۓ فرشتے استغفار کرتے ہیں. (بیہقی فی الشعب عن ابی هریرة رضی الله عنه)

آخر عشره میں عبادت کا خاص اہتمام
(28) فرمایا حضرت عائشه رضی الله عنها نے کہ نبی اکرم صلی الله علیه وسلم رمضان کے آخری دس دنوں میں جس قدر عبادت میں محنت فرماتے تهے دوسرے ایام میں اس قدر محنت نہیں فرماتے. (مسلم)
(29) فرمایا حضرت عائشه رضی الله عنها نے کہ جب آخری عشره آتا تها تو سرور دو عالم صلی الله علیه وسلم تہبند کس لیتے تهے (تا کہ خوب عبادت کریں) اور پوری رات عبادت کرتے تهے، اور گهروالوں کو (عبادت کے لۓ) جگاتے تهے. (بخاری و مسلم).

شب قدر
(30) فرمایا رحمت للعالمین صلی الله علیه وسلم نے کہ بلاشبہ یہ مہینہ آچکا ہے اس میں ایک رات ہے (شب قدر جو عبادت کی قدر و قیمت کے اعتبار سے) ہزار مہینوں سے بہتر ہے، جو اس رات سے محروم ہوگیا، کل خیر سے محروم ہوگیا، اور اس شب کی خیر سے وہی محروم ہوگا، جو پورا پورا محروم ہو. (جسے ذوق عبادت بالکل نہیں اور جو فکر سعادت سے خالی ہے). (ابن ماجہ عن انس رضی الله عنه)
(31) فرمایا محبوب رب العالمین صلی الله علیه وسلم نے (اعتکاف کرنے والے کے متعلق) کہ وہ گناہوں سے بچا رہتا ہے، اور اسے وہ ثواب بہی ملتا ہے (جو اعتکاف سے باہر) تمام نیکیاں کرنے والے کو ملتا ہے (ابن ماجہ عن ابن عباس رضی الله عنه) یعنی اعتکاف میں بیٹهـ کر اعتکاف والا خارج مسجد جو نیکیاں کرنے سے عاجز ہے تو وہ ثواب کے اعتبار سے محروم نہیں ہے، اعتکاف نہ کرتا تو مسجد سے باہر جو نیکیاں کرتا، ان کا ثواب بہی پاتا ہے.

آخری رات میں بخششیں
(32) فرمایا رسول اکرم صلی الله علیه وسلم نے کہ رمضان کی آخری رات میں امت محمدیہ کی مغفرت کردی جاتی ہے، عرض کیا گیا یا رسول اللہ صلی الله علیه وسلم کیا اس سے شب قدر مراد ہے؟ فرمایا نہیں! (یہ فضیلت آخری رات کی ہے، شب قدر کی فضیلتیں اس کے علاوہ ہے) بات یہ ہے کہ عمل کرنے والے کا اجر اس وقت پورا دیدیا جاتا ہے، جب کام پورا کردیتا ہے، جب کام پورا کردیتا ہے، اور آخری شب میں عمل پورا ہوجاتا ہے، لہذا بخشش ہوجاتی ہے. (احمد عن ابی ہریرة رضی الله عنه)

عید کا دن
(33) فرمایا حضرت انس رضی الله عنه نے کہ رسول اللہ صلی الله علیه وسلم نے ارشاد فرمایا کہ جب شب قدر ہوتی ہے تو جبریل علیه السلام فرشتوں کی ایک جماعت کے ساتهـ نازل ہوتے ہیں جو ہر اس بندۂ خدا کے لۓ دعا کرتے ہیں جو الله عزوجل کا ذکر کررہا ہو، پهر جب عید کا دن ہوتا ہے تو الله تعالی فرشتوں کے سامنے فخر فرماتے ہیں کہ دیکهوں ان لوگوں نے ایک ماہ کے روزے رکهے اور حکم مانا، اور فرماتے ہیں کہ اے میرے فرشتو! بتاؤ اس مزدور کی کیا جزا ہے جس نے عمل پورا کردیا ہو؟ وہ عرض کرتے ہیں کہ ہمارے رب اس کی جزا یہ ہے کہ اس کا بدلہ پورا دیدیا جاۓ. الله تعالی فرماتے ہیں اے میرے فرشتو! میرے بندوں  اور بندیوں نے میرا فریضہ پورا کردیا جو ان پر لازم تها اور اب دعا میں گڑگڑانے کے لۓ نکلے ہیں. قسم ہے میرے عزت و جلال اور کرم کی اور میرے علو و ارتفاع کی، میں ضرور ان کی دعا قبول کروں گا، پهر (بندوں کو) ارشاد باری تعالی ہوتا ہے کہ میں نے تم کو بخش دیا اور تمہاری برائیوں کو نیکیوں سے بدل دیا، لہذا اس کے بعد (عیدگاه سے) بخشے بخشاۓ واپس ہوتے ہیں. (بیہقی فی الشعب)

رمضان کے بعد دو اہم کام

صدقہ فطر
(34) فرمایا حضرت ابن عباس رضی الله عنه نے کہ مقرر فرمایا رسول اکرم صلی الله علیه وسلم نے صدقہ فطر روزوں کو لغو اور گندی باتوں سے پاک کرنے کے لۓ اور مساکین کی روزی کے لۓ. (ابوداؤد)

شش عید کے روزے
(35) فرمایا فخر کونین صلی الله علیه وسلم نے کہ جس نے رمضان کے روزے رکهے اور اس کے بعد چهـ (نفل) روزے شوال (یعنی عید) کے مہینہ میں رکهے تو (پورے سال کے روزے رکهنے کا ثواب ہوگا اگر ہمیشہ ایسا ہی کیا کرے گا تو ) گویا اس نے ساری عمر روزے رکهے. (مسلم عن ابی ایوب رضی الله عنه)

چند مسنوں دعائیں
(36) فرمایا معاذ بن زهر رضی الله عنه نے کہ رسول اللہ صلی الله علیه وسلم افطار کے وقت یہ دعا پڑهتے تهے:
اللهم لک صمت وعلی رزقک افطرت (ابوداؤد)
ترجمہ: اے اللہ میں نے تیرے ہی لۓ روزہ رکها اور تیرے ہی دیۓ ہوۓ رزق پر روزه کهولا.
(37) فرمایا ابن عمر رضی الله عنه نے کہ افطار کے وقت ( یعنی بعد افطار) رسول کریم صلی الله علیه وسلم یہ دعا پڑهتے:
ذهب الظماء وابتلت العروق و ثبت الاجر ان شاء الله (ایضا عن ابن عمر رضی الله عنه)
ترجمہ: پیاس چلی گئی اور گیں تر ہوگئیں اور ان شاء الله اجر ثابت ہوگیا.

افطار کی ایک اور دعا
(38) اللهم انی اسئلک برحمتک التی وسعت کل شیءٍ ان تغفر لی ذنوبی
ترجمہ: اے اللہ میں آپ کی رحمت کے ذریعہ سوال کرتا ہوں جو ہر چیز کو سماۓ ہوۓ ہے کہ آپ میرے گناہ معاف فرمادیں. یہ دعا حضرت عبدالله بن عمرسے منقول ہے. (ابن ماجه)

(39) جب کسی کے یہاں افطار کرے تو اہل خانہ کو یہ دعاء دے:
افطر عندکم الصائمون واکل طعامکم الابرار و صلت علیکم الملائکة
ترجمہ: روزه دار تمہارے یہاں افطار کیا کریں اور نیک لوگ تمہارا کهانا کهائیں اور فرشتے تمہارے لۓ دعاء کریں، ایک جگہ افطار کرکے رسول الله صلی الله علیه وسلم نے یہ دعا پڑهی تهی. (ابن ماجہ)

شب قدر کی دعاء
(40) حضرت عائشه رضی الله عنها نے عرض کیا یا رسول الله صلی الله علیه وسلم اگر مجهے معلوم ہوجاۓ کہ شب قدر کون سی ہے تو (اس رات) میں کیا دعاء کروں؟ فرمایا (دعا میں) یوں کہنا:
اللهم انک عفو تحب العفو فاعف عنی (ترمذی)
ترجمہ: اے الله تو معاف کرنے والا ہے، معافی کو پسند فرماتا ہے لہذا مجهے معاف فرمادے.

*** *** ***


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں