شمال مشرقی افغانستان میں امریکی فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا

شمال مشرقی افغانستان میں امریکی فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا
helicopter-crashکابل(ايجنسياں) شمال مشرقی افغانستان میں امریکی فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، قندھار میں منی بس بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک اور نو زخمی ہوگئے جبکہ صوبہ قندوز میں خودکش حملے میں سابق ملیشیا کمانڈر سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔

ایرانی پریس ٹی ویکی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز افغانستان کے شمال مشرقی صوبہ کنڑ میں امریکی فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔ کنڑ میں امریکی فوج کے پریس آفس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر نے تکنیکی خرابی کے باعث ایمرجنسی لینڈنگ کی ہے۔ بیان کے مطابق اس واقعے میں کئی امریکی فوجی زخمی ہوگئے۔ بیان میں اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے افغان میڈیا کو ٹیلی فون پر بتایا کہ ہیلی کاپٹر طالبان نے مار گرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام امریکی فوجی ہلاک ہوگئے۔
ادھر افغانستان کے جنوبی صوبہ قندھار میں ایک منی بس سڑک کے کنارے نصب بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے باعث تباہ ہوگئی۔ صوبائی حکومت کے ترجمان زلمے ایوبی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ یہ واقعہ قندھار کے ضلع میوند میں پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں چھ مسافر ہلاک اور نو زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
شمالی افغانستان کے صوبہ قندوز میں خودکش حملے میں سابق ملیشیا کمانڈر سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔ نائب صوبائی پولیس سربراہ عبدالرحمن حقتاش نے بتایا کہ گزشتہ روز قندوز کے ایک فٹ بال گرائونڈ میں خود کش حملہ آور نے اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد کو دھماکے سے اڑا دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے میں سابق ملیشیا کمانڈر سیلاب سمیت تین افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ قبل بھی کمانڈر سیلاب کو بارودی سرنگ کے دھماکے میں ہلاک کرنے کی کوشش کی گئی تھی تاہم وہ اس میں بچ نکلے تھے۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں