شیخ الاسلام مولانا عبدالحمیدکے باہرملک جانے پرپابندی،پاسپورٹ ضبط

شیخ الاسلام مولانا عبدالحمیدکے باہرملک جانے پرپابندی،پاسپورٹ ضبط
shaikh-abdolhameedزاہدان(سنی آن لائن) ترکی میں ’’عالمی اتحادعلمائے مسلمین‘‘ کی کانفرنس میں شرکت کے بعد تہران کی انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں عظیم سنی رہنما شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید کے پاسپورٹ کوضبط کیاگیا۔

’’سنی آن لائن‘‘ کو موصولہ اطلاعات کے مطابق مولانا عبدالحمیدکے پاسپورٹ کوضبط کرنے والے ایرانی انٹیلی جنس ادارے کے اہلکار تھے لیکن جو رسید آپ کو دی گئی وہ ’’خصوصی عدالت برائے علماء‘‘ کی جانب سے ایشو ہوئی ہے۔
تقریبا ایک مہینے قبل ترکی کے شہر استنبول میں علمائے اسلام کے عالمی اتحاد کا اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں دنیا بھر کے ممتاز علمائے کرام اور دانشوروں نے شرکت کی۔ ایران سے بھی حضرت شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید سمیت بعض علمائے کرام نے منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔ مذکورہ سفر سے واپسی کے بعد خطیب اہل سنت مولانا عبدالحمید کاپاسپورٹ حساس اداروں نے اپنی تحویل میں لے کر ان کے غیرملکی اسفار پرپابندی لگادی۔
یاد رہے شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید کا شمار عالم اسلام کے نامور مفکرین اور اسکالرز میں ہوتا ہے، ایران سمیت عالم اسلام کے مختلف حلقوں میں آپ ایک جانے پہچانے ممتاز عالم دین ہیں چنانچہ مختلف ملکی وغیرملکی کانفرنسز اور تقاریب میں آپ کو شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔ مولانا عبدالحمید نے اب تک متعدد اجلاسوں میں شرکت بھی کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق حال ہی میں ’’رابطہ عالم اسلامی‘‘ جس کاشمار عالم اسلام کی پرانی اور بڑی اسلامی تنظیموں میں ہوتاہے نے تنظیم کی تاسیس کے پچاس سال پورے ہونے کی مناسبت سے ایک کانفرنس اپنے مرکزی دفتر مکۃ المکرمہ میں بلائی ہے جس میں عالم اسلام کے چوٹی کے علماء وشخصیات کو مدعو کیاگیا ہے۔ ایران سے ’’عالمی مجلس برائے تقریب مذاہب‘‘ کے سربراہ شیعہ عالم دین آیت اللہ تسخیری اور سنی برادری کے پیشوا شیخ الاسلام مولانا عبدالحمید کو آفیشلی مدعو کیاگیا ہے۔حضرت شیخ الاسلام شدت سے اس مبارک سفر کاانتظار کررہے تھے تا کہ حرمین شریفین کی زیارت کے علاوہ عالم اسلام کی سرکردہ شخصیات وعلمائے کرام سے ملاقات بھی کریں۔ لیکن ایرانی حکام کے اس فیصلے سے مولانا عبدالحمید کعبۃ اللہ کے پڑوس میں منعقد کانفرنس میں شرکت نہ کرسکے۔ رابطہ عالم اسلامی کی مذکورہ کانفرنس کی تاریخ انعقاد 31جولائی ہے۔
’’سنی آن لائن‘‘کے نامہ نگار نے حضرت شیخ الاسلام سے اس پابندی کی وجہ پوچھی تو انہوں نے کہا: ’’میرے خیال میں تنگ نظری اور ایرانی اہل سنت کے عالم اسلام سے تعلق کو برداشت نہ کرنے کے علاوہ اس اقدام کی کوئی اور وجہ نہیں ہوسکتی۔‘‘

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں