وزیرستان: تین ڈرون حملوں میں انیس ہلاک، متعدد زخمی

وزیرستان: تین ڈرون حملوں میں انیس ہلاک، متعدد زخمی
drone.nwمیرانشاہ (بی بی سی) پاکستان کے قبائلی وزیرستان میں حکام کے مطابق اتوار کو تین مختلف مقامات پر تین ڈرون حملوں کے نتیجے میں انیس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

توار کی صُبح سے مختلف علاقوں پر نو امریکی جاسوس طیارے پرواز کر رہے ہیں جس کی وجہ سے علاقے میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
مقامی انتظامیہ کا کہا ہے کہ اتوار کی شام کو شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ سے کوئی پانچ کلومیٹر دور جنوب کی جانب تبئ ٹول خیل میں دو امریکی جاسوس طیاروں سے ایک مکان پر دو میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو مقامی طالبان نے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ہلاک ہونے والوں کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ سے ہیں۔
سرکاری اہلکار کا کہنا تھا کہ امریکی جاسوس طیاروں کے میزائل حملے میں مکان کے تین کمرے مکمل طور تباہ جب کہ چند دوسرے کمروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میزائل حملے کے بعد قریبی آبادی کے لوگ خوف کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک گھروں سے باہر رہے۔ بچوں اور خواتین میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔
دریں اثنا اس واقعے کے ایک گھنٹے بعد جنوبی وزیرستان کی تحصیل سراروغہ کے علاقے لنڈی خیل میں ایک اور امریکی جاسوس طیارے سے ایک مکان کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں چار مبینہ شدت پسند ہلاک ہو گئے۔
ایک سرکاری اہلکار نے بی بی سی کو بتایا حملے میں مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے جب کہ قریب ہی کھڑی ایک گاڑی آگ لگنے سے مکمل طور پر تباہ گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں کوئی غیر مُلکی شدت پسند شامل نہیں اور ہلاک ہونے والوں کا تعلق بیت اللہ گروپ کے مقامی طالبان سے بتایا جاتا ہے۔
پشاور میں بی بی سی کے نامہ نگار دلاور خان وزیر نے بتایا کہ ان دو واقعات سے پہلے اتوار کی صُبح جنوبی وزیرستان میں حکام کے مطابق امریکی جاسوس طیارے سے ایک مکان پر چار میزائل داغے گئے تھے جس کے نتیجے میں تین مشتبہ شدت پسند ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔
اب حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد دس تک پہنچ گئی ہیں۔
مقامی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ اتوار کو گیارہ بجے کے قریب جنوبی وزیرستان کے دور دارز علاقے شکتوئی میں ایک امریکی جاسوس طیارے سے ایک مقامی قبائلی کے مکان کو نشانہ بنایا گیا۔
میزائل حملے سے مکان مکمل طور پر تباہ جب کہ مکان کے اندر ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
اہلکار کے مطابق ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ کیا ہلاک ہونے والوں میں کوئی غیر مُلکی شامل ہیں یا نہیں البتہ جس مکان کو نشانہ بنایا ہے اس کو بیت اللہ گروپ کے مقامی ایک ٹھکانے کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے لاشوں اور زحمیوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ یہ بھی اطلاع ہے اتوار کی صُبح سے تین امریکی جاسوس طیارے جنوبی و شمالی وزیرستان میں نظر آ رہے تھے۔
یاد رہے کہ سنیچر کو بھی جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا کے قریب انگور اڈہ میں مُلا نذیر گروپ کے مقامی طالبان کے ایک ٹھکانے پر امریکی جاسوس طیاریں کے ایک حملے میں سولہ مقامی طالبان ہلاک ہوگئے تھے۔
بی بی سی اردو کی تحقیق کے مطابق پاکستان کے قبائلی علاقوں میں جنوری دو ہزار نو سے جون دو ہزار دس تک ہونے والے امریکی ڈرون حملوں میں ماضی کے مقابلے میں تین گنا اضافہ ہوا ہے۔ ان میں بیشتر حملے جنوبی اور شمالی وزیرستان ایجنسی میں کیے گئے ہیں۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں