کراچی: ٹارگٹ کلنگ اور فائرنگ، پی پی کارکن سمیت 7 افراد ہلاک

کراچی: ٹارگٹ کلنگ اور فائرنگ، پی پی کارکن سمیت 7 افراد ہلاک
new-karachi-attackکراچی (جنگ نیوز) شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور فائرنگ کے واقعات میں پیپلزپارٹی اور کالعدم سپاہ صحابہ کے کارکن سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ شہید ملّت روڈ پر فائرنگ کرکے مسلح افراد نے ہندو پراپرٹی ڈیلر رمیش کمار اور اس کے ملازم کو ہلاک کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ملیر سٹی تھانے کی حدود بکرا پیڑی روڈ بی بی سی ہوٹل کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے موٹر سائیکل پر جانے والے پیپلز پارٹی مراد بلوچ گوٹھ یو سی ون کے سابق کونسلر 30سالہ شعیب بلوچ ولد پیر بخش بلوچ کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے۔ فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور علاقے کی دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہوگئے۔ مقتول کی لاش جناح اسپتال لائی گئی۔
پولیس کے مطابق مقتول شعیب بلوچ ملیر سٹی ملا عیسیٰ گوٹھ کا رہائشی تھا اور اس کی ملیر سٹی کے علاقے میں اقبال جیولرز کے نام سے سنار کی دکان تھی۔ مقتول کی یکم اگست کو شادی ہونے والی تھی۔ پولیس نے نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا۔
ڈاکس تھانے کی حدود مچھر کالونی میں ہڑتال کے دوران دکانیں بند کرانے والے مسلح ملزمان نے دکان بند کرنے سے انکار کرنے پر فائرنگ کرکے کالعدم سپاہ صحابہ کے کارکن 30سالہ عبدالعزیز ولد حاجی کبیر کو ہلاک کردیا۔ ملزمان نے مقتول کے بھائی عبدالرزاق اور ایک دکان دار عمر حمزہ کو پستول کے بٹ مار کر زخمی کردیا۔ ایس ایچ او ڈاکس سہیل اختر نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والوں میں نورو، ہاشم اور شریف شامل ہیں۔ ملزمان کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ مقتول کی چند روزبعد شادی ہونے والی تھی۔ مقتول فشری کا ملازم تھا۔ پولیس نے لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ پولیس اور رینجرز کی نفری علاقے میں تعینات کردی گئی۔
ادھر فیروز آباد تھانے کی حدود ٹیپو سلطان سگنل شہید ملت روڈ نجم مسجد کے قریب کار نمبرAGR-214پر موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کار سوار35سالہ رمیش کمار ولد پرشومل ہلاک اور اس کا ملازم سیف الفاروق شدید زخمی ہوگیا۔جو بعدازاں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جناح اسپتال میں دم توڑ گیا۔ ایس ایچ او فیروز آباد اعظم بلوچ نے بتایا کہ مقتول رمیش کمار کا تعلق نواب شاہ سے تھااور وہ گلستان جوہر کا رہائشی تھا۔ مقتول پراپرٹی ڈیلر تھا اور اس کا درخشاں کے علاقے کھڈہ مارکیٹ میں ہوٹل بھی تھا۔ انہوں نے بتایا کہ واردات سے لگتا ہے کہ مقتول کا کسی سے رقم کے لین دین کا معاملہ تھا جبکہ مقتول سیف الفاروق رمیش کمار کے ہوٹل پر ملازم تھا جسے وہ گھر چھوڑنے جارہا تھا۔ایس ایچ او نے بتایا کہ مقتول 4بچوں کا باپ تھا اور خاندان والوں سے ناراضگی کے باعث علیحدہ رہتا تھا۔ پولیس نے مقتول کے سالے کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
سعود آباد تھانے کی حدود مل ایریا کے قریب سے 22سالہ گل شیر ولد عبداللطیف کی لاش برآمد ہوئی جسے جناح اسپتال لایا گیا، پولیس کے مطابق مقتول گل شیر ملیر صاحب داد گوٹھ کا رہائشی تھا اور گذشتہ رات دوستوں کے ساتھ گھر سے گیا تھا، جس کے بعد اس کی لاش ملی۔ پولیس کے مطابق مقتول کیخلاف سعود آباد اور دیگر تھانوں میں منشیات فروشی اور دیگر جرائم کے مقدمات درج ہیں اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اسے اس کے ساتھیوں نے ہی قتل کیا ہے۔ پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا اور مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
سکھن تھانے کی حدود بھینس کالونی روڈ نمبر8فٹ بال گراؤنڈ کے قریب شادی کی تقریب کے دوران خوشی میں کی جانے والی فائرنگ کی زد میں آکر 27سالہ ناصر ولد صابر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مقتول ناصر بلدیہ ٹاؤن کا رہائشی تھا اوراپنے رشتے دار زبیر کی شادی میں شرکت کیلئے آیا تھا۔ پولیس کے مطابق مقتول کے اہل خانہ نے پولیس کارروائی کرانے انکار کردیا اور لاش کو بغیر کارروائی کے اپنے ہمراہ لے گئے۔ پولیس نے بھی فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت کے واقعے پر کوئی کارروائی نہیں کی اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں آسکی ہے.
نیو ٹاؤن تھانے کی حدود سوک سینٹر وی آئی پی پارک میں تعینات نجی کمپنی کاسیکیورٹی گارڈ 25سالہ احمد ولد اشرف اپنی ہی رائفل سے گولی چل جانے سے ہلاک ہوگیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی۔ پولیس کے مطابق متوفی لیاقت آباد کا رہائشی تھا اور واقعہ اتفاقی گولی چلنے سے پیش آیا۔ پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔دریں اثناء گارڈن تھانے کی حدود نشتر روڈ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے اسلام ولد غلام نبی زخمی ہوگیا۔ قائد آباد کے علاقے مجید کالونی گلی نمبر7میں گھر کے اندر بیٹھی ہوئی ریحانہ زوجہ مشتاق نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہوگئی، جسے جناح اسپتال لایا گیا۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں