’جاسوسی کے الزام میں دس افراد گرفتار‘

’جاسوسی کے الزام میں دس افراد گرفتار‘
fbiنیویارک (بى بى سى اردو) امریکہ میں حکام کا کہنا ہے کہ دس افراد کو مبینہ طور پر روس کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

پیر کو ان میں سے پانچ کو نیویارک میں مین ہیٹن کی فیڈرل کورٹ میں پیش کیا گیا۔
عدالت میں پیش کی جانے والی دستاویز کے مطابق مبینہ طور پر ان جاسوسوں کو جوہری ہتھیاروں، اسلحے کے کنڑول کی پوزیشن، ایران، وائٹ ہاوس میں افواہیں، سی آئی اے اور سیاسی جماعتوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کا کہا جاتا تھا۔
امریکہ کی وزارتِ انصاف کا کہنا ہے ان مبینہ جاسوسوں پر غیر ملکی حکومت کے لیے غیر قانونی طور پرایجنٹ کا کام کرنے کی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ اس جرم کے تحت انھیں زیادہ سے زیادہ پانچ سال کی قید ہو سکتی ہے۔
وزارتِ انصاف کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق کئی سالوں کی تحقیقات کے بعد مشتبہ جاسوس گرفتار کیے گئے ہیں۔
ان مبینہ جاسوسوں کو نیو جرسی، مین ہیٹن اور یونکیرز کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا تھا۔
تین دیگر مبینہ جاسوسوں کو ورجینیا کی فیڈرل کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ یہ آرلنگٹن سے گرفتار ہوئے تھے۔ دو مبینہ جاسوس بوسٹن سے گرفتار ہوئے تھے اور انھیں بوسٹن کی فیڈرل کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اتوار کو امریکی سرزمین پر مبینہ طور پر ایک لمبے عرصے کے لیے خفیہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد میں مزید دو افراد کو اسی پروگرام کے تحت گرفتار کیا گیا۔ گیارہواں مشتبہ جاسوس روپوش ہے۔
گرفتار ہونے والے مبینہ جاسوسوں میں بعض سنہ انیس سو نوے سے امریکہ میں قیام پذیر ہیں۔ حکام کے مطابق ان افراد کو پالیسی سازی کے عمل میں داخل ہونے کے لیے روس کی خفیہ ایجنسی نے تربیت فراہم کی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ جاسوسوں کو کہا گیا تھا کہ امریکی حکام کے دوست بن کر رہیں اور مختلف ذرائع سے روسی حکومت کے لوگوں کو معلومات فراہم کریں۔
گرفتار کیے جانے والوں میں سے نو پر منی لانڈرنگ کا کیس بھی چلایا جائے گا۔ جس کے تحت انھیں بیس سال تک کی قید ہو سکتی ہے۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں