چکلالہ:کرغیزستان سے134 پاکستانی وطن پہنچ گئے

چکلالہ:کرغیزستان سے134 پاکستانی وطن پہنچ گئے
pk-airچکلالہ (ايجنسياں) کرغیزستان کے شورش زدہ علاقوں میں پھنسے طالب علموں سمیت 134 پاکستانیوں کو لے کر پہلی خصوصی پرواز چکلالہ ایئربیس پہنچ گئی ہے جبکہ دوسری فلائٹ جاں بحق طالب علم علی رضا کی میت کے ساتھ باقی پاکستانیوں کو لے کر اوش سے صبح وطن کیلئے روانہ ہوگی۔

کرغیزستان میں پاکستانی سفیر تنویز خاصخیلی نے جیونیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں آنے والے ایک سو چونتیس پاکستانیوں میں زیادہ تر طالب علم ہیں اور بہت کم تعداد کاروبار یا محنت مزدوری کی غرض سے وہاں موجود پاکستانی شہریوں کی ہے۔
صبح تقریبأ آٹھ بجے ایک اور خصوصی طیارہ اسلام آباد سے روانہ ہوگا جو ساڑھے دس بجے کے قریب اوش ایئرپورٹ پہنچے گا۔ اور باقی رہ جانے والے پاکستانیوں کو لیکر وطن کیلئے روانہ ہوگا۔ اسی فلائٹ سے شورکوٹ سے تعلق رکھنے والے جاں بحق طالب علم علی رضا کی میت بھی لائی جائے گی۔
تنویز خاصخیلی نے مزید بتایا کہ اوش اور جلال آباد میں دو سو انہتر پاکستانی موجود تھے جن میں سے ایک سو چونتیس پہلی فلائٹ سے وطن بھیجا گیا۔ جبکہ باقی رہ جانے والوں میں ایک سو تیرہ پاکستانی اوش ایئرپورٹ پر موجود ہیں۔ دیگر بیس کے قریب پاکستانیوں کو کرغیز سیکیورٹی فورسز کی مدد سے اوش ایئرپورٹ پر پہنچایا جارہا ہے جو صبح کی فلائٹ سے وطن روانہ ہونگے۔ تمام پاکستانی شہری خیریت سے ہیں اور ان سے مسلسل رابطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوش ایئرپورٹ پر موجود کوئی پاکستانی بیمار یا زخمی نہیں۔ کھانے پینے کے حوالے سے مسئلہ تھا جو فراہم کردیا گیا ہے۔
اس سے پہلے سی ون تھرٹی طیارے سے 14ٹن امدادی سامان بھی کرغیزستان بھجوایا گیا تھا جس میں کرغیزستان کے شہریوں کے لیے کمبل، خیمے اورادویات شامل ہیں۔ راولپنڈی کے چکلالہ ایئربیس پر کرغیزستان میں پھنسے پاکستانیوں کے اہل خانہ کے علاوہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈاکٹرز اور ایمبولنسیں بھی موجود ہیں۔ جبکہ وطن پہنچنے والوں کو بسوں کے ذریعے راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف ہوٹلوں میں منتقل کیا جائے گا اس کے علاوہ وطن پہنچنے والے پاکستانیوں کو انکے علاقوں تک پہنچانے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں