کراچی: ٹارگٹ کلنگ کے نئے واقعات میں مزید 5 افراد قتل

کراچی: ٹارگٹ کلنگ کے نئے واقعات میں مزید 5 افراد قتل
new-riots-karachiکراچی (العربیہ۔نیٹ،ایجنسیاں) پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں چند روز کے وقفے کے بعد ایک مرتبہ پھر ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور فائرنگ کے تازہ واقعات میں مزید پانچ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

شہر میں متحارب نسلی،مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے درمیان لڑائی کے بعد لیاری، قائد آباد، پاک کالونی، نیو کراچی اور ناظم آباد میں سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے۔ تشدد کے تازہ واقعات میں مارے گئے افراد کا تعلق مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں سے تھا۔
کراچی پولیس کے مطابق ناظم آباد نمبر7 کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے نجی اسپتال کے ایک پیتھالوجسٹ کو قتل کر دیا۔ نیو کراچی کے سیکٹر پانچ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اور نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت قاری رضوان قادری کے نام سے ہوئی ہے اور ایک مذہبی تنظیم سنی تحریک کے ترجمان کے مطابق وہ ان کی جماعت کا کارکن تھا۔
اس نوجوان کے قتل کے بعد علاقے میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا اور دکانیں اور کاروباری مراکز بند کر دیے گئے جبکہ مشتعل افراد نے گاڑیوں اور املاک کو بھی نذر آتش کر دیا۔ کراچی کے کشیدگی والے علاقوں میں امن وامان کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نئی ہلاکتیں کراچی میں فرقہ وارانہ تشدد کو بھڑکانے کی سازش کا حصہ ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق تین مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ تین روز کے دوران کراچی میں تشدد کے واقعات میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے وابستہ دس افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں