کیمرون وزیراعظم،کلیگ نائب،پاکستانی نژاد سعیدہ وارثی چیئرپرسن کنزرویٹو

کیمرون وزیراعظم،کلیگ نائب،پاکستانی نژاد سعیدہ وارثی چیئرپرسن کنزرویٹو
clegg-and-cameronلندن (ايجنسياں) نو منتخب برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اور نائب وزیراعظم نک کلیگ نے آئندہ پانچ سالوں کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ہمیں آئندہ پانچوں سالوں میں مشکل فیصلے کرنا ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق نومنتخب برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون اور نائب وزیراعظم نک کلیگ نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا ہے۔اس موقع پروزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کامقصد فوج کا مورال بلند کرنا اور عوام کو سہولتیں دینا ہے۔ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا کہ اگلے پانچ سا ل تک حکومت چلانے کا انتظام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم برطانوی سیاست میں تبدیلی کے خواہاں ہیں اور عوام کو بہترین نظام دینے کیلئے آئے ہیں ۔اسی موقع پر نائب وزیراعظم نک کلیگ نے کہا کہ کل کنزرویٹو اور ڈیموکریٹس حریف تھے لیکن آج ایک اتحادی کے طور پر کام کررہے ہیں ہمارا مقصد برطانوی عوام کو قوت فراہم کرنا ہے انہوں نے کہا کہ نئی برطانوی حکومت مستحکم ہوگی اور دونوں جماعتوں کو مل کر مشترکہ پالیسیاں تشکیل دینا ہونگی۔برطانوی نائب وزیراعظم نک کلیگ نے مزید کہا کہ ٹیکس،تعلیم اور معیشت کے نظام میں تبدیلیاں لائیں گے۔
علاوہ ازیں برطانیہ میں دوسری جنگ عظیم کے بعد پہلی مرتبہ دو مختلف سیاسی جماعتوں کی مشترکہ حکومت کے وجود میں آنے کے بعد ان کے درمیان طے پانے والے معاملات کی تفصیلات سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں جن میں امیگریشن پر قدغن اور آئندہ برس میں پبلک سروس کے اخراجات میں نو ارب ڈالرکی کٹوتییوں کی شرائط شامل ہے۔حکومت بنانے والی دو بڑی جماعتوں کنزرویٹیو اور لبرل ڈیموکریٹ کے درمیان حکومت میں شامل ہونے کے لیے گزشتہ روز ایک معاہدہ طے پایا تھا جس میں سے کچھ نکات کنزروییٹو اور کچھ نکات لبرل ڈیموکریٹ پارٹی کے انتخابی وعدوں اور منشور سے شامل کئے گئے ہیں۔اسی معاہدے کے تحت لبرل ڈیموکریٹ پارٹی کے کچھ ارکان کو کنزرویٹیو پارٹی کے راہنما اور وزیر اعظم ڈیوڈ کمیرون اپنی کابینہ میں شامل کرنے کے پابند ہیں۔ معاہدے کے تحت لبرل ڈیموکریٹ پارٹی کے سربراہ نک کلیگ کو ڈپٹی پرائم منسٹر کا عہدہ دیا جائے گا۔اس کے علاوہ لبرل ڈیموکریٹ کے ایک اور رکن ونس کیبل کو بینکوں اور بزنس کا قلمدان دیا جائے گا۔وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کی کابینہ میں وزارتِ خارجہ کا قلمدان ولیم ہیگ اور وزراتِ خزانہ کی ذمہ داریاں جارج اوسبورن کو دی جائیں گی۔ ڈیوڈ کیمرون نے وزیر داخلہ کا قلمدان ٹریزا مے کو سونپ دیا ہے اور وزیر دفاع لائم فوکس کو مقرر کیا ہے۔کنزرویٹیو یا ٹوری پارٹی نے لبرل ڈیموکریٹ پارٹی کی طرف پیش کردہ جن نکات کو تسلیم کر لیا ہے ان میں ٹیکس سے مستثنیٰ آمدن کی حد کو بلند کرنے اور وزیراعظم کو پانچ برس مکمل ہونے سے پہلے کسی بھی وقت عام انتخابات کرانے کا اعلان کرنے کے اختیار کو ختم کرنے کی شرائط شامل ہیں۔
علاوہ ازیں برطانوی حکومت کی کابینہ نے وزراءکے ناموں کا اعلان کردیا جس میں پہلی پاکستانی نژاد خاتون سعیدہ وارثی کو وزیر بنادیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد سعیدہ وارثی کو کنزرویٹو پارٹی کی چیئرپرسن اور وزیر مقرر کردیا گیا۔برطانوی ہاﺅس آف لارڈزکی رکن سعیدہ وارثی کے دفاتر 10ڈاﺅننگ سٹریٹ اور پارٹی کے ہیڈ کوارٹر میں بھی ہونگے۔کنزرویٹو پارٹی کی منتخب ہونے والی پہلی پاکستانی نژاد سعیدہ وارثی نے منتخب ہونے کے بعد نجی ٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میراتعلق پنجاب کے شہر گوجر خان سے ہے اور یہ میرے لئے باعث فخر ہے کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والی مڈل کلاس خاتون کو عہدہ ملا ہے اور یہ بڑی خوشی کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا انتخاب کنزرویٹو پارٹی کی ترقی پسندانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ چیلنجز انسان کو مضبوط بناتے ہیں۔میری کامیابی برطانیہ میں مقیم پوری پاکستانی کمیونٹی کی کامیابی ہے۔ پاکستان میرا ملک ہے اور مجھے یہ پیارا لگتا ہے۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں