شمالی وزیرستان، امریکی درندگی کی انتہا 27 میزائل حملے، 32 افراد جاں بحق

شمالی وزیرستان، امریکی درندگی کی انتہا 27 میزائل حملے، 32 افراد جاں بحق
drone-attackمیرانشاہ (ایجنسیاں) شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں امریکی جاسوس طیاروں کے پے در پے 27 میزائل حملوں میں 32 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کی صبح 6 بجے کے قریب امریکی جاسوس طیاروں نے شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ سے تقریباً چالیس کلو میٹر دور مغرب کی جانب تحصیل دتہ خیل کے علاقے مدا خیل میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہوگئے، اس دوران جب میزائل حملے میں زخمی افراد کی مدد کیلئے لوگ پہنچے تو ڈرون طیارے سے دوبارہ میزائل فائر کئے گئے جس سے 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
مقامی انتظامیہ نے میزائل حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ ان حملوں میں حافظ گل بہادر گروپ کے مقامی طالبان کو نشانہ بنایاگیا، تاہم حملے میں کسی اہم شخص کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ امریکی ڈرون کی جانب سے گیارہ میزائل فائر کئے گئے تاہم بعض عینی شاہدین کا یہ کہنا ہے کہ حملے سے قبل علاقے میں امریکی جاسوس طیارے پروازیں کرتے رہے، جس کے بعد 18 کے قریب میزائل داغے گئے، سب سے پہلے گاڑی اور مکان کو نشانہ بنایاگیا جبکہ دیگر علاقوں میں 9میزائل حملے کئے گئے، جن میں مکانات کو بھی نشانہ بنایاگیا۔
پولیٹیکل حکام کے مطابق دتہ خیل کے علاقہ خڑقمر‘ دتہ خیل بازار اور غرلمے فورٹ میں صبح چھ بجے سے غیر معینہ مدت کیلئے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ ایک سرکاری عہدیدار نے کہاکہ جاسوس طیاروں سے گیارہ میزائل داغے گئے جن میں سے دو میزائل گاڑی پر گرے اور9 میزائل ایک پہاڑی نالے میں قائم طالبان کے زیر استعمال ٹھکانے پر جاگرے جس کے نتیجے میں 10 افراد مارے گئے۔ شام 5 بجے شمالی وزیرستان کے علاقے گوریک میں امریکی ڈرونز نے ایک گاڑی پر دو میزائل داغے جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں