عراق:حملوں اور خودکش بم دھماکوں میں 75 افراد ہلاک

عراق:حملوں اور خودکش بم دھماکوں میں 75 افراد ہلاک
hellah-blastبغداد (ایجنسیاں) عراق میں مسلح افراد کے سکیورٹی چیک پوائنٹس پر حملوں، ایک فیکٹری اور کاروباری مراکزکے باہر پانچ خودکش کار بم دھماکوں میں پچھترافراد ہلاک اور ایک سو پچاس سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں اور یہ اس سال اب تک عراق میں ایک ہی دن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

دارالحکومت بغداد سے پچانوے کلومیٹر جنوب میں واقع شہر حلّہ میں ایک ٹیکسٹائل فیکٹری کے کار پارکنگ ایریا میں یکے بعد دیگرے بارود سے بھری دو گاڑیوں کو دھماکوں سے اڑا دیا گیا جس سے چالیس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔حلّہ کے جنرل اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زوہیر الخفاجی نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
عراقی حکام کے مطابق دھماکوں کے وقت کارکنان سرکاری ٹیکسٹائل انڈسٹریز سے باہر جا رہے تھے۔صوبہ بابل کے پولیس ترجمان میجر مثنیٰ خالد نے بتایا ہے کہ امدادی کارکنان پہلے دونوں بم دھماکوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو اٹھا رہے تھے کہ اس دوران بارود سے بھری جیکٹ پہنے ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔انہوں نے تینوں بم دھماکوں میں ایک سو پینتیس افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اس سے پہلے بغداد سے جنوب مشرق میں واقع صوبہ واسط کے قصبے الصویرۃ میں بارود سے بھری کار میں سوار حملہ آور نے ایک مارکیٹ میں خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس سے تیرہ افراد جاں بحق اور چالیس زخمی ہو گئے۔
مزاحمت کاروں نے سوموار کو دارالحکومت بغداد کے مختلف علاقوں اور اس کے جنوب،مشرق اور مغرب میں واقع قصبوں میں بم دھماکے کیے ہیں۔ان حملوں کا الزام القاعدہ پر عاید کیا گیا ہے۔حملہ آوروں نے سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے نئے حربے استعمال کیے ہیں۔ان کے نئے طریق کار اور حملوں کی نوعیت سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ عراق میں القاعدہ اپنے خلاف سکیورٹی فورسز کی حالیہ کارروائیوں کے باوجود ایک قوت کے طور پر موجود ہے۔
بغداد میں علی الصباح سائلنسروں سے مسلح افراد نے چھے چیک پوائنٹس پرحملہ کیا جس سے سات عراقی فوجی اور پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔عراق کی وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق تین چیک پوائنٹس پر بم دھماکوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تمام چیک پوائنٹس پرایک ہی وقت میں حملہ کیا گیا۔ایک عراقی عہدے دار نے کہا ہے کہ ”یہ واقعات ہمارے لیے پیغام ہیں کہ حملہ آور شہر کے مختلف حصوں میں بیک وقت حملے کر سکتے ہیں کیونکہ ان کے سیل ہر کہیں موجود ہیں”۔
آج تشدد کے دوسرے واقعات میں گیارہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔بغداد کے جنوب میں پولیس کی ایک گشتی پارٹی کو بم سے نشانہ بنایا گیا جس میں دو افراد مارے گئے۔تین افراد بغداد کے نواحی علاقے طرمیہ میں ایک کار بم دھماکے میں ہلاک ہوئے ہیں۔مغربی صوبہ الانبارکے شہر فلوجہ میں پولیس اہلکاروں کے گھروں کے باہر بم دھماکوں میں چار اور شمالی شہر موصل میں ایک خودکش بم دھماکے میں دو افراد مارے گئے ہیں۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں