نوارا (ايجنسياں) اٹلی میں ایک خاتون کو برقع اوڑھنے کی پاداش میں جرمانہ کردیا گیا ہے۔ تفصیل کے مطابق اٹلی کے شمالی شہرنووارا میں پولیس نے ایک مسلمان خاتون کو برقع اوڑھ کر سڑک پر آنے کی پاداش میں 500 یورو جرمانہ کیا ہے۔
نووارا میونسپل پولیس کے ایک افسر مورو فرانزینیلی نے میڈیا کو بتایا ہے کہ گذشتہ رات سٹی پولیس نے مسلمان خاتون کو جرمانے کا ٹکٹ دیا ہے اور اب انہیں 500 یوروجرمانہ اداکرنا پڑے گا۔ اس پولیس افسر کا کہنا ہے کہ جہاں تک میں جانتا ہوں اٹلی میں یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ایک خاتون کو برقع اوڑھنے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اس افسر کا کہنا ہے کہ خاتون جرمانے کے خلاف اپیل دائرکرسکتی ہے۔ جس خاتون کا جرمانہ کیا گیا ہے وہ تیونس کی شہری ہیں،انہیں ایک ڈاک خانے کے باہر پولیس نے ان کے خاوند کے ہمراہ روکا تھا لیکن خاوند نے مرد پولیس اہلکاروں کے سامنے اپنی اہلیہ کی شناخت کرانے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد پولیس افسروں نی علاقے میں گشت کرنے والے اہلکاروں کو بلا لیا جس میں شامل ایک خاتون پولیس افسر نے ان کی شناخت کی تھی۔
آپ کی رائے