پشاور میں 20 منٹ کے اندر امریکی قونصل خانے کے قریب 3 زور دار دھماکے

پشاور میں 20 منٹ کے اندر امریکی قونصل خانے کے قریب 3 زور دار دھماکے
blasts-peshawarاسلام آباد (العربیۃ ۔نیٹ) پاکستان کے شمال مغربی شہر پشاور میں واقع امریکی قونصل خانے کے قریب پیر کے روز بیس منٹ کے وقفے میں تین دھماکے ہوئے۔ لوئر دیر کے علاقہ تیمرگرہ میں عوامی نیشنل پارٹی “اے این پی” کے یوم تشکر ریلی میں دھماکے سے 36 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زیادہ زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے صدر میں یکے بعد دیگرے تین دھماکے ہوئے ہیں، جبکہ شدید فائرنگ جاری ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور کے صدر میں اسٹیٹ بلڈنگ کے قریب گورا قبرستان کے علاقے میں زوردار دھماکا ہوا، جس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
اس کے بعد پولیس سکیورٹی فورسز کے جوان جائے وقوعہ پر پہنچے اور پوزیشنیں سنبھالے ہوئے تھے کہ اسی دوران وقفے وقفے سے مزید دو دھماکے ہوئے۔ دھماکوں کے بعد دھویں کے بادل چھائے ہوئے ہیں ، جبکہ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے علاقے کا مکمل گھیراؤ کیا ہوا ہے۔ خیبر روڈ پر ٹریفک بند کر دیا گیا۔ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کا رابطہ کرنے پر کہنا ہے کہ وہ فوری طور پر اس پر کوئِی تبصرہ نہیں کر سکتا۔
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد خان نے میڈیا کو بتایا کہ اے این پی کے کارکن تیمرگرہ ریسٹ ہاؤس سے صوبے کا نام صوبہ سرحد سے “پختونخوا خیبر رکھنے جانے کے لئے یوم تشکر ریلی نکال رہے تھے کہ دھماکا ہوگیا۔ نام کی تبدیلی کو صوبے میں چند سیاسی حلقے لسانی عصیبت کا مظہر قرار دیکر اس کی مخالفت کر رہے تھے۔
درایں اثناء وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے خیبرایجنسی میں مشتبہ طالبان نے نیٹو کے لیے سامان رسد لے جانے والے آٹھ ٹینکروں کو نذرآتش کردیا ہے۔طالبان نے زخا خیل کے علاقے میں پٹرول بموں اور راکٹوں سے ایک ٹرمینل پر حملہ کیا تھا جس سے وہاں کھڑے ٹینکروں میں آگ لگ گئی۔
ادھر پیر کی شام صدر آصف علی زرداری پارلیمان کے دونوں ایوانوں سے خطاب کرنے والے ہیں۔ دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی پہلے ہی سخت تھی لیکن پشاور اور لوئر دیر کے دھماکوں کے بعد، اضافی پولیس فورس کی تعیناتی کی اطلاعات ہیں۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں