صدر اوباما نے اسلامی کانفرنس تنظیم کے لئے اپنا نمائندہ نامزد کردیا

صدر اوباما نے اسلامی کانفرنس تنظیم کے لئے اپنا نمائندہ نامزد کردیا
obamaدوحہ (ایجنسیاں) امریکی صدر براک اوباما نے اسلامی ممالک کے سب سے بڑے ادارے اسلامی کانفرنس تنظیم او آئی سی کے لئے اپنا ایک خصوصی نمائندہ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے.

صدر اوباما نے ہفتہ کے روز قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکی اسلامی عالمی فورم کے موقع پراپنے ایک ریکارڈ ویڈیو پیغام میں اعلان کیا ہے کہ وہ وائٹ ہاٶس کے ایک عہدے دار رشاد حسین کو اسلامی کانفرنس تنظیم کے لئے اپنا خصوصی نمائندہ نامزد کر رہے ہیں.
اوباما نے کہا کہ رشاد میرے وائٹ ہاٶس کے اسٹاف کے ایک معتمد رکن ہیں اور انہوں نے قاہرہ میں،میں نے جس شراکت داری پر زور دیا تھا،اس کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے.یاد رہے کہ گذشتہ سال جون میں امریکی صدر نے قاہرہ میں اپنی تقریر کے دوران امریکا اور مسلمانوں کے درمیان تعلقات کے نئے دور کے آغازپر زور دیا تھا.
امریکی صدر نے دوحہ میں اپنی پہلے سے ریکارڈ تقریر میں کہا کہ ”جون میں میرے خطاب کے بعد سے امریکی انتظامیہ نے لوگوں کو سننے کے لئے مستقل کوششیں جاری رکھی ہیں.ہم نے امریکا اور پوری دنیا میں ہزاروں پروگراموں کا انعقاد کیا ہے اور میں آئندہ ماہ انڈونیشیا کے دورہ کے موقع پربھی ڈائیلاگ کا سلسلہ جاری رکھوں گا”.
امریکی صدر نے اپنے نمائندے کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ”ایک حافظ قرآن کی حیثیت سے رشاد حسین امریکی مسلم کمیونٹی کے ایک معزز رکن ہیں اور میں ان کا اس اہم فریضے کو آگے لے جانے پر شکر گزار ہوں”.

رشاد حسین: مختصر سوانحی خاکہ
رشاد حسین کو جنوری 2009ء میں صدر اوباما کا نائب وکیل مقرر کیا گیا تھا. وہ امریکا کے محکمہ انصاف میں ایک وکیل کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں.اس کے علاوہ وہ ایوان نمائندگان کی جوڈیشری کمیٹی میں بھی معاون کے طور پر فرائض انجام دے چکے ہیں،جہاں ان کا کام قانون سازی کا جائزہ لینا تھا.
رشاد حسین نے ہارورڈ یونیورسٹی سے عمومی انتظام، عربی اور اسلامیات کے مضامین میں ماسٹر ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں.قانون میں گریجوایشن تک تعلیم انہوں نے ییل لا اسکول سے حاصل کی تھی اور وہ ییل لا جرنل کے ایڈیٹر بھی رہے تھے.


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں