وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا2روزہ اہم اجلاس طلب کرلیا گیا

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا2روزہ اہم اجلاس طلب کرلیا گیا
wafaq-ul-madarisکراچی(مانیٹرنگ سیل): مدارس کے نصاب میں ترامیم کی تجاویز عالمی اور پاکستان کی موجودہ صورتحال اور مدارس کی حکمت عملی سمیت مختلف امور پر غور کے لئے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا دو روزہ اہم اجلاس اتوار اور پیر کو کراچی میں طلب کرلیا گیا۔ یہ اجلاس جامعہ فاروقیہ شاہ فیصل کالونی میں ہوگا۔ اجلاس میں جمعیت علماءاسلام کے مرکزی امیر اور کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان، مولانا سمیع الحق، مفتی محمد رفیع عثمانی، مولانا سلیم اللہ خان سمیت ملک بھر کے جید علماءشرکت کریں گے۔

اتوار سے شروع ہونے والے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے دو روزہ اجلاس میں مدارس کے نصاب تعلیم اور مرتب کردہ تجاویز کے علاوہ موجودہ سیاسی اور حکومتی حکمت عملی کے حوالے سے تفصیلی غور وخوص کیا جائے گا۔ مجلس عاملہ کے اجلاس میں امتحانات اور سالانہ امتحانات کی حکمت عملی اور سالانہ بجٹ کی منظوری بھی دی جائے گی جبکہ اجلاس میں حکومت سے اب تک ہونے والے مذاکرات کی رپورٹ کی روشنی میں نیا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں موجودہ مقامی اور بین الاقوامی حکمت عملی کو مد نظر رکھتے ہوئے مدارس کے حوالے سے پالیسی مرتب کی جائے گی جبکہ اس اجلاس میں مدارس کے معیار تعلیم کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدام کئے جائیں گے۔
دو روزہ اجلاس میں ملک کے مختلف حصوں میں مدارس کے خلاف ہونے والی کارروائیوں اور اقدام پر بھی غور کیا جائے گا۔
وفاق المدارس کے اس اجلاس میں وفاق المدارس العربیة پاکستان کے سربراہ مولانا سلیم اللہ خان ، جمعیت علماءاسلام (ف) کے مرکزی امیر اور کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان ، جمعیت علماءاسلام (س) کے امیر مولانا سمیع الحق، وفاق المدارس کے ناظم اعلیٰ قاری محمد حنیف جالندھری، صدر دارالعلوم کراچی مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد رفیع عثمانی، جامعة العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاﺅن کے مہتمم ڈاکٹرعبدالرزاق سکندر، مولانا زاہد الراشدی، مولانا عطاءاللہ شہاب، مفتی کفایت اللہ سمیت پاکستان بھر سے درجنوں علماءاور وفاق کے نمائندے شرکت کریں گے۔
ملک کی موجودہ صورتحال پر وفاق المدارس کے اس اجلاس کو انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے۔ اس ضمن میں جب وفاق المدارس کے ناظم اعلیٰ قاری محمد حنیف جالندھری سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وفاق کا یہ اجلاس مختلف امور کے حوالے سے انتہائی اہم ہے۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں