اسلام آباد کے قریب نیٹو کنٹینروں پر حملہ‘ 45 نذر آتش‘ 8افراد جاں بحق

اسلام آباد کے قریب نیٹو کنٹینروں پر حملہ‘ 45 نذر آتش‘ 8افراد جاں بحق
nato-arsonاسلام آباد (وقت نیوز+جی این آئی) پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد کے قریب سنگ جانی میں رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے نیٹو فورسز کے لئے سامان لے جانے والے کنٹینرز پر اندھا دھند فائرنگ کردی اورٹرمینل پر کھڑے 40 سے زائد کنٹینرز کو آگ لگا دی۔ فائرنگ سے ایک کنٹینرز کے ڈرائیور سمیت 8 افراد جاںبحق اور 6 زخمی ہو گئے۔

حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے ۔ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ کنٹینرز میں آگ لگنے کے دوران دھماکوں کی آوازیں بھی آتی رہیں۔ کنٹینرز پر سوار 4افراد لاپتہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق منگل کی شب تقریباً ساڑھے گیارہ بجے سنگ جانی کے قریب حملہ آور 2 گاڑیوں اور 6 موٹر سائیکلوں پر آئے‘ پشاور کی جانب جانے والے آئل ٹینکروں اور سامان سے لدے کنٹینرز پر اچانک چاروں طرف سے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے 8 افراد جاںبحق اور 6 زخمی ہو گئے۔ واردات کے فوری بعد آئی جی کلیم امام‘ ڈی آئی جی نبی امین کے ہمراہ وہاں پہنچ گئے۔ اس دوران ترنول پولیس کی مدد کے لئے اضافی فورس بھی طلب کر لی گئی اور ترنول کے پورے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی‘ درجن بھر مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ڈی آئی جی نے ٹینکروں میں پھنسے ایک زخمی کو بھی نکالا۔
پولیس نے جلتے ہوئے ٹینکرز کی ویڈیو بنانے والے 2 افراد کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ فائر بریگیڈز کی گاڑیاں اور ریسکیو 1122 بھی موقع پر پہنچ گئیں‘ مسلح افراد اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا بھی تبادلہ ہوا۔ ترنول جانے والی ٹریفک جام ہو گئی۔
نجی ٹی وی نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حملہ کرنے سے پہلے مسلح افراد نے نعرے لگاتے ہوئے نیٹو کے ٹرکوں پر فائرنگ شروع کر دی۔ غیر مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرکوں میں اسلحہ بھی موجود تھا۔ علاوہ ازیں پولیس نے سنگ جانی ٹول پلازہ کے قریب گاوں پنڈ پڑیاں سے اسلحہ سے بھری دو گاڑیاں قبضہ میں لے لیں۔
علاوہ ازیں پولیس مسلح افراد کا تعاقب کرتی رہی‘ وہ دو گاڑیوں اور چھ موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔ پاکستانی وزیر داخلہ رحمن ملک نے نیٹو ٹینکروں پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے کا حکم دیا۔ پولیس نے مسلح افراد کے پاس موجود موٹر سائیکلیں بھی پکڑ لیں۔آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ 10 کنٹینروں میں آگ لگی۔ واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہے جبکہ بعض ذرائع کے مطابق 50 کنٹینروں کو آگ لگی۔

آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں