نکاح کے بعد زوجین کا محبت بھری زندگی گزارنا بھی عبادت ہے

نکاح کے بعد زوجین کا محبت بھری زندگی گزارنا بھی عبادت ہے

میاں بیوی کا شادی کے بعد محبت والی زندگی گزارنا بھی عبادت ہے۔
اس لئے کہ جب بیوی شوہر کو دیکھ کر مسکراتی ہے اور شوہر بیوی کو دیکھ کر مسکراتا ہے تو اللہ تعالی ان دونوں کو دیکھ کر مسکراتے ہیں۔
یعنی میاں بیوی کا آپس میں محبت کا اظہار کرنے کو بھی اللہ تعالی پسند فرماتے ہیں۔ یہ محبت جتنی بھی ہو اس سے شریعت نے نہیں روکا۔

نبی ﷺ کی زندگی محبت بھری ازدواجی زندگی کا بہترین نمونہ ہے
نبی ﷺ نے صرف تعلیم نہیں دی کہ اپنے گھر والوں کے ساتھ محبت بھری زندگی گزارنی ہے بلکہ عملاً کر کے امت کے سامنے مثال قائم کردی کہ جو بھی میاں بیوی محبت بھری زندگی گزارنا چاہتے ہیں وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک سیرت کو اپنائیں اور پھر دیکھیں کہ کس طرح دنیا میں رہ کر جنت کے مزے آتے ہیں۔

نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے ساتھ دوڑ لگانا
نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک سیرت میں یہ واقعہ ملتا ہے کہ:
’’عَن عَائِشَةَ رَضي اللهُ عَنها أَنَّهَا کَانَت مَعَ النَّبِيِّ صلی الله علیه وسلم فِي سَفَرٍ قَالَت فَسَابَقتُهُ فَسَبَقتُهُ عَلَه رِجلَیَّ فَلَمَّا حَمَلتُ اللَّحمَ سَابَقتُهُ فَسَبَقَني فَقالَ هَذِهِ بِتِلکَ السَّبقَةِ‘‘ (سنن أبی داود، باب فی السبق علی الرجل، رقم: ۲۵۸۰)
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے ساتھ دوڑ لگائی اور اس دوڑ میں پیچھے رہ گئے۔ پھر کچھ عرصے دوبارہ دوڑ لگائی اور اس مرتبہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سبقت لے گئے اور فرمایا کہ اس دوڑ کا بدلہ ہے۔ وقت کے نبی ہیں اور بیوی کے ساتھ دوڑ لگارہے ہیں۔ امت کو یہ سکھانا مقصود تھا کہ کامیاب ازدواجی زندگی کسی طرح گزارنی ہے۔

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے پینے کی جگہ سے نبی ﷺ کا پانی پینا
نبی ﷺ اپنی بیویوں سے محبت کا اظہار فرماتے۔ حدیث پاک میں آتا ہے:
“عَن عَائشَةَ قَالَت کُنتُ أَشرَبُ و أَنَا حَائِضٌ، ثُمَّ أُنَاوِلُهُ النَّبِيَّ صَلَّی اللهُ عَلَیهِ وَ سَلَّمَ فَیَضَعُ فَاهُ عَلَی مَوضِعِ فِيَّو فَیَشرَبُ” (صحیح مسلم، باب جواز غسل الحائض رأس زوجھا و ترجیلہ و طھارۃ سؤرھا، رقم: ۷۱۸)
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا پیالے سے پانی پیتیں پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی پانی ڈال کے وہ پیالے پیش کرتیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس پیالے میں اسی جگہ سے پانی نوش فرماتے جس جگہ سے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے پیا ہوتا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس طرح محبت کا اظہار فرمایا۔ یہ امت کو سبق سکھا رہے ہیں کہ اچھی ازدواجی زندگی کے لئے میاں بیوی کو کس طرح الفت اور محبت کا رشتہ ہمیشہ قائم رکھنا چاہئے۔
ہمیں بھی چاہئے کہ اللہ کے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کر کے اپی زندگیوں کو سنواریں۔ اللہ ہمیں اچھی اور محبت بھری ازدواجی زندگی نصیب فرمائے اور ہر ایک کے حقوق کو پوری طرح ادا کرنے کی توفیق ادا فرمائے۔ آمین

 


آپ کی رائے

تعليق واحد لـ : “نکاح کے بعد زوجین کا محبت بھری زندگی گزارنا بھی عبادت ہے

  1. سید احمد الدین says:

    بہترین ارٹیکل. جزاک اللہ.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں