آج : 18 October , 2017

فضائل وخصوصیات نمازتہجد

فضائل وخصوصیات نمازتہجد

حضرت ابو اُمامہ ؓ سے رویت ہے کہ رحمت عالم صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا:تم ضرور قیامِ لیل کیا کرو (نمازِ تہجد پڑھا کرو) کیونکہ وہ تم سے پہلے صالحین کا شیوہ، شعاراور طریقہ رہا ہے ،اور قربِ الٰہی کا تمہارے لیے خاص وسیلہ ہے ، اور وہ برائیوں کو مٹانے والی اور معاصی سے محفوظ رکھنے والی چیز ہے ۔(رواہ الترمذی، مشکوٰۃ)
نمازِ تہجد خواص کی عبادت ہے : خالق کائنات نے اپنی خاص حکمت کے تحت دن کو روشن اور رات کو پر سکون بنایا، رات کے سناٹے میں جیسا سکون عموماً آرام میں اور خصوصاً عبادت میں ملتا ہے ویساکسی دوسرے وقت میں نہیں ملتا ،یہی وجہ ہے کہ رات کی تنہائی میں عوام تو خوابِ غفلت میں مست ہوتے ہیں، مگر خواص یادِ الٰہی میں مشغول ہوتے ہیں ،بلکہ یہ لوگ رات کا ایسا انتظار کرتے ہیں جیسا دولہا شب زفاف کا ۔
قرآنِ کریم نے ان ہی کی شان میں فرمایا:ان کے پہلو اس وقت (رات میں جو لوگوں کے سونے کا خاص وقت ہے) ان کی خواب گاہوں سے جدا رہتے ہیں۔ یعنی میٹھی نیند اور نرم بستر وں کو چھوڑ کر اللہ تعالیٰ کے سامنے قیام کرتے ہیں اور نماز تہجد پڑھتے ہیں (السجدۃ ) حدیث پاک میںبھی ہے کہ حضرت عبداللہ ابن رواحہ رضی اللہ عنہ نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کے متعلق فرمایا:آپ صلی اللہ علیہ و سلم رات اس حال میں گذارتے کہ پہلو بستر سے جداہوتا، جب کہ مشرکوں کے بستر ان کے بوجھ سے گرانبار ہوچکے ہوتے (بخاری شریف)اس سے معلوم ہوا کہ نمازِ تہجد خواص کی عبادت ہے ،جیسا کہ حدیث مذکور سے بھی اس کی تائید ہوتی ہے ۔

نمازِ تہجد کی چار خصوصیتیں :
مزیداس حدیث میں نمازِ تہجد کی چار خصوصیتیں بیان فرمائی گئی ہیں:پہلی خصوصیت: ’’دَأبُ الصَّالِحِیْنَ قَبْلَکُمْ‘‘ نماز تہجد کی پہلی خصوصیت یہ ہے کہ وہ دورِ قدیم سے صلحاء کا شعار، طریقہ اور ان کی عبادت رہی ہے ۔ اس میں دو باتوں کی طرف اشارہ ہے : ایک تو یہ کہ جب امم سابقہ کے اولیاء اور صلحا ء نمازِ تہجد کا اہتمام کرتے تھے تو تمہیں بطریق اولیٰ اس کا اہتمام کرنا چاہیے ، کیوںکہ تم تو خیر الامم ہو۔
دوسرا: اس طرف اشارہ ہے کہ نمازِ تہجد صالحین کا شیوہ ہے ، جو اس کااہتمام نہیں کرتا وہ صالحین(کاملین)میں سے نہیں۔ حدیث میں ہے :میری امت کے شرفاء حاملین قرآن (قرآن کو پڑھنے ،سمجھنے اور اس پر عمل کرنے والے) اور تہجد گزار لوگ ہیں (مشکوٰۃ شریف)دوسری خصوصیت: ’’وَھُوَ قُرْبَۃٌ لَّکُمْ اِلیٰ رَبِّکُمْ‘‘ نمازِ تہجد کی دوسری خصوصیت یہ ہے کہ وہ قربِ الٰہی کا وسیلہ ہے ، اس سے ربِ کریم کی قربت ومحبت نصیب ہوتی ہے ۔ حدیث میں ہے :اللہ تعالیٰ اپنے بندے کے سب سے زیادہ قریب رات کے آخری حصہ میں ہوتا ہے ، لہٰذاتم بھی اس وقت اس کے یاد کرنے والو ںمیں ہوسکتے ہو توضرور ہوجاؤ۔ (ترمذی) کہ اس وقت تہجد او رذکر اللہ کے ذریعہ اس کاقرب بآسانی حاصل ہوسکتاہے۔ ظاہر ہے کہ ایک بندہ کے لیے اس سے بڑی کوئی سعادت ہر گز نہیں ہو سکتی، کیوںکہ ساری شریعت ،عبادات اور طاعات سے مقصود معبودِ حقیقی کی قربت ومحبت ہی تو ہے ، جو نمازِ تہجد سے بآسانی حاصل ہوتی ہے ،چنانچہ ملا علی قاری ؒ فرماتے ہیں:اِس میں اُس حدیث قدسی کی طرف اشارہ ہے جس میںرب العالمین نے فرمایا کہ بندہ برابر نوافل کے ذریعہ میرا قرب حاصل کرتا رہتا ہے ، یہاں تک کہ میں اس سے محبت کرنے لگتا ہوں ۔(مرقاۃ المفاتیح)اور نوافل میں افضل ترین نمازِ تہجد ہے ، جیساکہ حدیث میں ہے :’فرض نمازوں کے بعد سب سے افضل تہجد کی نماز ہے ۔(مشکوٰۃ شریف) لہٰذا اللہ تعالیٰ کی محبت اور قربت کے حصول کا یہ اہم ترین ذریعہ اور وسیلہ ہے ۔ ہمارے حضرت شیخ الزماں مدظلہ فرماتے ہیںکہ صوفیہ او رعشاق کے لیے تہجد مثل براق کے ہے ، جیسے شب معراج میںحضور صلی اللہ علیہ و سلم براق کے ذریعہ آن کی آن میںکہاں سے کہاں پہنچ گئے ، ایسے ہی صوفیہ بھی تہجد کے ذریعہ کہاں سے کہاں پہنچ جاتے ہیں۔
تیسری خصوصیت: نماز تہجد کی تیسری خصوصیت یہ ہے کہ وہ’’ مَکْفَرَۃٌ لِلسَّیِّئٰاتِ‘‘ کفارئہ سیئات کاذریعہ ہے ۔ارشادِ باری تعالیٰ ہے : نیکیاں برائیوں کو مٹا دیتی ہیں، اور نمازِ تہجد بہت بڑی نیکی ہے ، اس سے حق تعالیٰ گناہوں کو مٹا تے ہیں، جیسے موسم پت جھڑ میں تیز و تند ہوا درخت سے سوکھے پتوں کو گرا دیتی ہے اسی طرح نمازِ تہجد گناہوں کو مٹا دیتی ہے ۔
(الھود)چوتھی خصوصیت: اس کی چوتھی خصوصیت یہ ہے کہ وہ گناہوں سے بچاتی ہے ،اور ترکِ معاصی سے تہجد کی توفیق نصیب ہوتی ہے ۔اورتہجد سے حفظ معاصی کی توفیق ملتی ہے ۔ حدیث میں ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ و سلم سے کسی کے متعلق یہ شکا یت کی گئی کہ فلاں آدمی رات کو تہجد توپڑھتاہے ،مگر دن میںچوری کرتاہے ، آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا :عنقریب اس کو تہجد کی نماز برائی سے روک دے گی۔ (رواہ أحمد)کیوںکہ نمازکی یہی خاصیت ہے کہ اگراسے صحیح طریقہ پر قائم کیاجائے تووہ نماز ی کو برائی سے روکتی ہے ۔غرض نماز او رتہجد سے حفظ معاصی کی توفیق ملتی ہے ۔چنانچہ حضرت حسن بصری رحمۃ اللہ علیہ کی خدمت میں ایک شخص حاضر ہو کر کہنے لگا: حضرت ! تہجد کی توفیق نہیں ملتی، کوئی ترتیب بتلائیں۔ توآپؒ نے فرمایا: دن میں معاصی سے اجتناب کرو تو رات میں تہجد کی توفیق نصیب ہوگی ۔ معلوم ہوا کہ ترکِ معاصی اور توفیق تہجد لازم ملزوم ہیں ۔ اللہ تعالیٰ ہمارے تمام گناہوں کو معاف فرما دیں،ہم بہت گنہگار ہیں اے کریم مولیٰ ہمارے گناہوں کے نہ دیکھیں بلکہ اپنے رحم بے کراں سے ہمیں معاف فرمادیں(آمین)


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں