زاہدان (سنی آن لائن) اہل سنت ایران کی ممتاز دینی و سماجی شخصیت مولانا عبدالحمید نے مستونگ میں مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پر مبینہ خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیاہے۔
خطیب اہل سنت زاہدان مولانا عبدالحمید کی آفیشل ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ان کے مذمتی بیان میں جمعہ بارہ مئی کے سانحہ کو ’افسوسناک‘ قرار دیا گیا ہے جس کے پیچھے ’جاہل اور انتہاپسند‘ قوتیں ہیں۔
بیان کے ایک حصے میں آیاہے: پاکستان میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پر حملہ جس کے نتیجے میں موصوف زخمی ہوئے جبکہ متعدد بے گناہ لوگ شہادت سے ہمکنار ہوئے، انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ بندہ اس المناک سانحہ کی شدید مذمت کرتاہے جو اس کے پیچھے قوتوں کی سفاہت و نادانی اور انتہاپسندانہ سوچ کی عکاسی کرتاہے۔
صدر دارالعلوم زاہدان نے امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمن اور سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے: امید ہے اللہ تعالی جلد از جلد زخمیوں کو شفائے کامل نصیب فرمائے، جاں بحق ہونے والوں کو شہدا و صدیقین کے ساتھ محشور فرمائے اور ان کے پس ماندگان کو اجر و صبر کی دولت سے نوازے۔
یاد رہے مستونگ سانحے میں تیس افراد شہید اور چالیس کے قریب شہری زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں مولانا حیدری شامل ہیں جنہیں چوٹیں آئیں۔

آپ کی رائے