شام کے شہر حما میں کار بم دھماکہ، کم از کم تیس ہلاک

شام کے شہر حما میں کار بم دھماکہ، کم از کم تیس ہلاک

شام میں حقوقِ انسانی کی صورتحال پر نظر رکھنے والے ایک گروپ کے مطابق حما نامی شہر میں ایک کار بم دھماکے میں کم از کم تیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

برطانیہ سے کام کرنے والے ادارے سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ اس حملے میں شامی سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا اور ہلاک شدگان میں فوجی بھی شامل ہیں۔
شام کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے بھی اس حملے کی تصدیق کی ہے تاہم ہلاکتوں کے بارے میں سرکاری طور پر کچھ نہیں بتایا گیا۔
واضح رہے کہ مارچ 2011 میں شامی حکومت کے خلاف شروع ہونے والی تحریک میں صدر بشار الاسد کے خلاف سب سے بڑا مظاہرہ حما ہی میں کیا گیا تھا۔
تاہم اس کے بعد شامی سکیورٹی فورسز حما میں داخل ہوگئیں اور اس شہر پر اب بھی ان کا ہی کنٹرول ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق ’حما شہر میں صنعاء ہائی وے پر ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کے بعد شدید فائرنگ ہوئی۔‘
ابتدائی اطلاعات کے مطابق شامی حکومت کی سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد اس علاقے میں ایمبولینسز دیکھی گئی ہیں۔
سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق ’زراعت کے لیے تیار کی جانے والی گاڑیوں کی فیکٹری کے قریب سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا ہے۔ اس دھماکے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔‘
خیال رہے کہ سنہ 1982 میں حما ہی میں صدر بشار الاسد کے والد اور اس وقت کے صدر حافظ الاسد کے خلاف احتجاج ہوا تھا جسے کچل دیا گیا تھا اور یہاں دسیوں ہزاروں افراد مارے گئے تھے۔
دوسری جانب عرب لیگ کے سربراہ نبیل العرابی نے کہا ہے کہ شام پر کانفرنس تئیس نومبر کو جنیوا میں منعقد ہو گی۔ تاہم ان کا یہ بیان اس کانفرنس کا باضابطہ اعلان نہیں ہے۔
نبیل نے یہ بات شام کے مسئلے پر اقوامِ متحدہ اور عرب لیگ کے مشترکہ خصوصی ایلچی الاخضر براہیمی سے ملاقات کے بعد کہی۔
الاخضر براہیمی آج کل شام پر کانفرنس کے حوالے سے مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہیں۔ الاخضر براہیمی نے اس کانفرنس کے حوالے سے کسی تاریخ کا اعلان یہ کہتے ہوئے نہیں کیا کہ وہ اس کا اعلان اپنے دورے کے بعد کریں گے۔
نبیل العرابی نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اس کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے ابھی بھی کئی رکاوٹیں ہیں۔

بی بی سی اردو

 

 

 


آپ کی رائے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

مزید دیکهیں

تازه ترین